ناگرجنا ساگر سڑک کی تعمیر کی درخواست، اندرون ایک ماہ تکمیل کا وعدہ
حیدرآباد۔22 ۔ جولائی (سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی ایم پی کے ہمراہ نئی دہلی میں مرکزی وزیر روڈ ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز نتن گڈگری سے ملاقات کرتے ہوئے یادداشت پیش کی ۔ انہوں نے نکریکل سے براہ نلگنڈہ ، ناگر جنا ساگر سڑک کی تعمیر کا کام جلد مکمل کرنے کی درخواست کی۔ انہوں نے کہا کہ سڑک کے اس کام کو درمیان میں چھوڑ دیا گیا ہے ۔ ناقص اور نامکمل سڑک کے سبب کئی حادثات پیش آرہے ہیں اور انسانی جانیں ضائع ہورہی ہیں۔ نتن گڈگری نے اندرون ایک ماہ تعمیری کام مکمل کرنے کا تیقن دیا ۔ وینکٹ ریڈی اور اتم کما ر ریڈی نے مرکزی وزیر سے ا ظہار تشکر کیا۔ مرکزی وزیر نے یہاں تک کہا کہ اگر ایک ماہ میں سڑک کا کام مکمل نہ ہوا تو میرے اور میرے عہدیداروں کے خلاف مقدمہ درج کریں۔ مرکزی حکومت عبداللہ پور میٹ سے وجئے واڑہ ٹول روڈ تک سڑک کی تعمیر انجام دے رہی ہے ۔ 3500 کیلو میٹر قومی شاہراہ کی نشاندہی کی گئی۔ انہوں نے تعمیر کے سلسلہ میں درکار فنڈس کی اجرائی کا تیقن دیا ۔ مرکزی وزیر سے سالانہ منصوبے 2019-20 کے تحت حیدرآباد تا وجئے واڑہ نیشنل ہائی وے 65 کی توسیع اور سرویس روڈس کی فراہمی کیلئے 375 کروڑ جاری کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
