یہ اسمبلی ہے فارم ہائوز نہیں، رکن اسمبلی کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔ 13 مارچ (سیاست نیوز) کانگریس رکن اسمبلی کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی نے اسمبلی میں کانگریس ارکان کے ساتھ چیف منسٹر کے سی آر کے رویہ کی مذمت کی انہوں نے کہا کہ مارپڈ ادارے کے ڈائرکٹر کے لیے پرچہ نامزدگی داخل کرنے والے کانگریس امیدوار کا اغوا کرلیا گیا۔ اس مسئلہ کو ایوان میں پیش کرنے کی کوشش کی گئی لیکن حکومت سماعت کے لیے تیار نہیں ہے۔ راج گوپال ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر اسمبلی کے احترام کو فراموش کرتے ہوئے اسے اپنا فارم ہائوز تصور کررہے ہیں۔ کانگریس ارکان کے خلاف چیف منسٹر کے ریمارک افسوسناک ہیں۔ راج گوپال ریڈی نے کہا کہ انہوں نے حکومت اور وزراء کے خلاف کوئی بھی بیان نہیں دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ مشن بھگیرتا کے تحت ان کے انتخابی حلقے میں کوئی کام انجام نہیں دیا گیا۔ انہوں نے اس پروگرام کے سلسلہ میں حکومت سے پانچ مختلف سوالات کئے تھے۔ راج گوپال ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر اور وزراء ایوان کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ کارروائی میرے خلاف نہیں بلکہ چیف منسٹر کے خلاف ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی میں ان کی آمد چیف منسٹر کی مہربانی کا نتیجہ نہیں بلکہ وہ اپنے رائے دہندوں کے مسائل پیش کرنے آئیں ہیں۔ میں نے ہمیشہ عوام کے حق میں اظہار خیال کیا ہے۔ راج گوپال ریڈی نے کہا کہ کے سی آر جیسے چیف منسٹر کا ہونا تلنگانہ کی بدبختی ہے۔ وہ دن دور نہیں جب عوام کے سی آر کو سبق سکھائیں گے۔ انہوں نے برسر اقتدار پارٹی کو چیلنج کیا کہ وہ ایوان کے اصولوں کو توڑنے کے الزام میں ان کے خلاف کارروائی کرے۔ تلنگانہ میں عوام مسائل کا شکار ہیں اور حکومت چند مخصوص اسکیمات کی آڑ میں اپنی تشہیر کررہی ہے۔ کے سی آر نے گزشتہ چھ برسوں میں عوام سے کئے گئے وعدوں کو فراموش کردیا ہے لہٰذا کانگریس حکومت کے خلاف جدوجہد کی تیاری کررہی ہے۔