کانگریس اقتدار میں آتے ہی ملازمین کی پرانی پنشن بحال کرے گی: پرتیبھا سنگھ

   

شملہ: ہماچل پردیش کانگریس کی صدر اور رکن پارلیمنٹ پرتیبھا سنگھ نے کہا ہے کہ کانگریس کے اقتدار میں آتے ہی دس دنوں کے اندر ملازمین کی پرانی پنشن بحال کر دی جائے گی۔محترمہ سنگھ نے کہا ہے کہ وزیراعلی جے رام ٹھاکر ملازمین کے مفادات کے تحفظ اور ان کے مطالبات کو پورا کرنے میں پوری طرح ناکام رہے ہیں۔ ایک طرف وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ مرکز کی مدد سے ملازمین کی پرانی پنشن کو بحال کرنے کی کوشش کریں گے تو دوسری طرف اسے ناممکن بتا رہے ہیں۔مسٹر ٹھاکر پر تنقید کرتے ہوئے محترمہ سنگھ نے کہا کہ وہ انتخابات کے وقت عوام کو گمراہ کرنے کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے اپنے دور میں نہ تو نوجوانوں کے مسائل کو سنجیدگی سے دیکھا اور نہ ہی ملازمین کے مطالبات پر کبھی غور کیا۔ بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بے روزگاری نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے ، حکومت کی جانب سے کسی طبقے کو کوئی ریلیف نہیں دیا گیا۔انہوں نے عہدیداروں اور ملازمین کو مبینہ طور پر دھمکیاں دینے پر بی جے پی قائدین کی سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی قائدین انتخابات میں اپنی شکست کو دیکھ کر بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔ بی جے پی حکومت کے فضول خرچی نے ریاست کی معیشت کو برباد کرکے رکھ دیا ہے اور ریاست کو 70 ہزار کروڑکے قرض میں ڈبو دیا ہے ۔