کانگریس اقتدار میں آتے ہی 4 ہزار پنشن، 500 روپئے میں گیس سلینڈر

,

   

ایک سال میں 2 لاکھ جائیدادوں پر تقررات، صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کا اعلان

حیدرآباد۔/22 اگسٹ، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے اعلان کیا کہ تلنگانہ میں کانگریس کے برسراقتدار آتے ہی 4 ہزار روپئے پنشن ادا کیا جائے گا اور کسانوں کو 2 لاکھ روپئے قرض معافی اسکیم پر عمل آوری ہوگی۔ بی آر ایس سے تعلق رکھنے والے قائدین کی شمولیت کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ کانگریس نے عوام سے جو بھی وعدے کئے ان پر بہر صورت عمل کیا جائے گا۔ تلنگانہ میں کے سی آر کی خاندانی حکمرانی کا خاتمہ ہوگا اور اندراماں راج کا احیاء عمل میں آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ 4 ہزار روپئے ماہانہ پنشن معمرین، بیواؤں، معذورین، بیڑی ورکرس، ہینڈلوم ورکرس، بے سہارا خواتین، ایڈز کے مریضوں اور ڈائیلاسیس کے مریضوں کو جاری کیا جائے گا۔ چیوڑلہ اگریکلچرل کوآپریٹیو سوسائٹی کے ڈائرکٹر راج شیکھر ریڈی کے علاوہ سابق مارکٹ کمیٹی ڈائرکٹر رویندر اور دوسروں نے کانگریس میں شمولیت اختیار کی۔ ریونت ریڈی نے اپنی قیامگاہ پر ان کا استقبال کیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ تحریک کے دوران عوام سے کئے گئے وعدوں کو فراموش کردیا گیا۔ دلتوں کو 3 ایکر اراضی اور غریبوں کو ڈبل بیڈ روم مکانات کا وعدہ پورا نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ 9 برسوں میں 88 ہزار کسانوں کی موت واقع ہوئی ہے۔ کانگریس دور حکومت میں دلتوںکو تقسیم کی گئی اراضیات اور اندراماں مکانات کو جبراً حاصل کیا جارہا ہے۔ کے سی آر خاندان نے تلنگانہ کے وسائل کو لوٹ لیا ہے اور ان کے اثاثہ جات ایک لاکھ کروڑ روپئے ہوچکے ہیں۔ حیدرآباد کے اطراف 10 ہزار ایکر اراضی پر کے سی آر خاندان نے قبضہ کیا ہے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ کسانوں کو مفت برقی کی سربراہی کانگریس کا اہم ایجنڈہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیروزگار نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کیلئے اقتدار کے پہلے سال 2 لاکھ جائیدادوں پر تقررات کئے جائیں گے۔ غریبوں کو پکوان گیس سلینڈر 500 روپئے میں سربراہ کیا جائے گا۔ آروگیہ شری کے تحت 5 لاکھ روپئے تک کا علاج مفت کیا جائے گا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کے سی آر کی خاندانی حکمرانی کا خاتمہ کرتے ہوئے اندراماں راج کا احیاء عمل میں لائیں۔