ترقی اور بہبود میں تلنگانہ سارے ملک کے لیے مثالی ریاست : ہریش راؤ
حیدرآباد :۔ ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ ریاست میں کانگریس اقتدار میں نہیں ہے اور مستقبل میں اقتدار میں آنے کے بھی کوئی امکانات نہیں ہے ۔ ترقی اور بہبود کے معاملے میں تلنگانہ سارے ملک کے لیے مثالی ریاست میں تبدیل ہوگئی ہے ۔ ریاست کے ہر گاؤں میں ڈمپنگ یارڈ ، قبرستان ، شمشان گھاٹ ، نرسریز ، کچرا اٹھانے کی گاڑیاں موجود ہیں اور ہر ماہ دیہی علاقوں کے لیے فنڈز جاری کئے جارہے ہیں ۔ یہ تمام سرگرمیاں سارے ملک میں صرف تلنگانہ میں انجام دئیے جارہے ہیں ۔ سدا سیو پیٹ میں کانگریس کے کونسلرس اور بی جے پی کے قائدین ہریش راؤ کی موجودگی میں ٹی آر ایس میں شامل ہوئے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر فینانس نے کہا کہ کانگریس پارٹی عوامی اعتماد کھوچکی ہے ۔ کانگریس اقتدار میں نہیں ہے اور مستقبل میں اقتدار میں آنے کا امکان بھی نہیں ہے ۔ تلنگانہ میں گذشتہ 70 سال کے دوران وہ ترقی نہیں ہوئی جو ٹی آر ایس کے 6 سالہ دور حکومت میں ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے تمام شہروں اور اضلاع میں بڑے پیمانے کی تبدیلیاں آئی ہیں ۔ ان تبدیلیوں ، ترقی اور بہبود کو دیکھ کر کانگریس اور بی جے پی کے قائدین رضاکارانہ طور پر ٹی آر ایس میں شامل ہورہے ہیں ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ سدا سیو پیٹ میں 32 کروڑ روپئے کے مصارف سے مشن بھاگیرتا کے کام جاری ہیں ۔ سنگاریڈی اور سداسیو پیٹ شہروں کی ترقی کے لیے حکومت شہری ترقی ( پٹنا پرگتی ) اسکیم کے ذریعہ ہر ماہ فنڈز جاری کررہی ہے ۔ سداسیو پیٹ بس اسٹانڈ کی ترقی کے لیے حال ہی میں 20 لاکھ روپئے جاری کئے گئے ہیں کسانوں کو 24 گھنٹے مفت برقی سربراہ کی جارہی ہے ۔ اس طرح کی اسکیم ملک کی کسی ریاست میں نہیں ہے ۔۔