کانگریس اقتدار میں ہر سال چیف منسٹر تبدیل ہوگا

   

تلنگانہ میں جرائم کی شرح میں کمی کا دعویٰ: محمود علی
حیدرآباد۔/20 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کہا کہ اگر کانگریس تلنگانہ میں برسراقتدار آئے گی تو ہر سال چیف منسٹر تبدیل ہوتا رہے گا۔ تلنگانہ میں مستحکم حکومت کیلئے انہوں نے بی آر ایس کی تائید کی اپیل کی۔ وزیر داخلہ آج ہنمکنڈہ میں بی آر ایس کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ آندھرا پردیش کی تاریخ گواہ ہے کہ کانگریس نے کبھی مستحکم حکومت فراہم نہیں کی اور ہر سال چیف منسٹر ناراض سرگرمیوں کے تحت تبدیل کیا جاتا ہے۔ محمود علی نے کہا کہ تشکیل تلنگانہ سے قبل ریاست میں کئی مسائل تھے۔ متحدہ آندھرا پردیش میں کئی علاقے فلورسیس سے متاثر تھے اور عوام کو صاف پینے کا پانی میسر نہیں تھا لیکن تلنگانہ کی تشکیل کے بعد مشن بھگیرتا کے تحت ہر گھر کو صاف پینے کا پانی سربراہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اراضیات قیمتوں میں اضافہ ہوا اور جرائم کی شرح میں کمی ہوئی ہے۔ محمود علی نے کہا کہ تلنگانہ میں تمام طبقات خوش و حکومت کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔ کانگریس میں قائدین کی کمی ہے لہذا تلگودیشم سے آئے ریونت ریڈی کو پردیش کانگریس کا صدر مقرر کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ریونت ریڈی آر ایس ایس کارکن ہیں ۔