دلت اور قبائل کے ساتھ کے سی آر کا دھوکہ ، محبوب نگر کے بی آر ایس قائدین کی کانگریس میں شمولیت
حیدرآباد ۔28۔ اگست (سیاست نیوز) صدرپردیش کانگریس ریونت ریڈی نے کہا کہ چیوڑلہ کے جلسہ عام میں دلت اور قبائل کے لئے ڈکلیریشن کا مقصد مذکورہ طبقات کی زندگیوں میں خوشحالی لانا ہے ۔ ریونت ریڈی ناگر کرنول اور اچم پیٹ اسمبلی حلقہ جات سے تعلق رکھنے والے بی آر ایس قائدین کی کانگریس میں شمولیت کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ محبوب نگر کے عوام نے کانگریس کو برسر اقتدار لانے کا فیصلہ کرلیا ہے اور تمام اسمبلی نشستوں سے کامیابی کانگریس کی ہوگی۔ ریونت ریڈی نے اعلان کیا کہ کانگریس برسر اقتدار آتے ہی کسانوں کے دو لاکھ روپئے کے قرض معاف کئے جائیں گے اور ماہانہ 4 ہزار روپئے پنشن دیا جائے گا ۔ کانگریس پارٹی پالمور رنگا ریڈی پراجکٹ کی تکمیل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ دلت اور قبائل کے لئے ڈکلیریشن کے اعلان سے بی آر ایس بوکھلاہٹ کا شکار ہے ۔ گزشتہ 9 برسوں کے دوران چیف منسٹر کے سی آر نے دلتوں اور قبائل کے ساتھ دھوکہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ معمرین ، بیواؤں ، معذورین ، بے سہارا خواتین ، بیڑی ورکرس ، تاڑی تاسندوں ، ہینڈلوم ورکرس کو ماہانہ 4000 روپئے پنشن دیا جائے گا ۔ محبوب نگر ضلع میں آبپاشی پراجکٹس کی تکمیل کانگریس کرے گی۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ اقتدار کے پہلے سال دو لاکھ سرکاری جائیدادوں پر تقررات کئے جائیں گے اور آروگیہ شری کے تحت پانچ لاکھ روپئے کا علاج مفت کیا جائے گا ۔ انہوں نے عوام کو نعرہ دیا کہ کے سی آر کا کھیل ختم اور بی آر ایس کی دکان بند۔ ریونت ریڈی نے دلتوں اور قبائل کے بارے میں کے ٹی آر اور کویتا کے اعتراضات کو مسترد کردیا اور کہا کہ کانگریس کا ڈکلیریشن بی آر ایس کے وعدوں کی طرح نہیں ہے جن کی تکمیل نہیں کی گئی۔ انہوں نے بی آر ایس قائدین سے 10 سوالات کئے جن میں دلتوں اور قبائل سے بی آر ایس کی جانب سے کئے گئے وعدوں کی عدم تکمیل کے بارے میں پوچھا گیا۔
