راہول گاندھی دستور کی جعلی نقل دکھاتے ہیں۔ امیت شاہ کا جھارکھنڈ میں ریلی سے خطاب
رانچی/پالمو، :مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے آج کانگریس لیڈر راہول گاندھی پر الزام لگایا کہ انہوں نے آئین کی جعلی کاپی دکھا کر اس کی توہین کی اور اس کا مذاق اڑایا۔ امیت شاہ نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ بی جے پی‘ کانگریس کو کبھی بھی اقلیتوں کیلئے تحفظات نافذ کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔پالامو میں بی جے پی کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے، انہوں نے الزام لگایا، راہول گاندھی آئین کی کاپی دکھاتے ہیں۔. وہ دو دن پہلے بے نقاب ہوگئے کسی کو آئین کی وہ کاپی ملی جو وہ دکھاتے ہیں۔ اس کے صفحہ اول پر ہندوستان کا آئین لکھا ہوا تھا لیکن اس میں کوئی مواد نہیں تھا۔ آئین کا مذاق نہ اڑائیں۔ یہ اعتماد کا سوال ہے۔ آئین کی جعلی کاپی دکھا کر آپ نے بھیم راؤ امبیڈکر اور دستور ساز اسمبلی کی توہین کی ہے۔ کانگریس نے آئین کا مذاق اڑایا ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے 26 نومبر کو یوم دستور منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کانگریس او بی سی قبائلیوں اور دلتوں کے ریزرویشن چھیننے پر تلی ہوئی ہے اور اسے اقلیتوں کو دینے کا منصوبہ بنایا ہے۔انہوں نے کہا، کانگریس دیگر پسماندہ طبقات کو تحفظات کے خلاف ہے، اس نے مہاراشٹر میں علماء کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران اقلیتوں کو 10 فیصد ریزرویشن دینے کا وعدہ کیا ہے۔. وزیر اعظم مودی کی قیادت میں بی جے پی کبھی بھی مذہب کی بنیاد پر تحفظات کی اجازت نہیں دے گی۔انہوں نے کانگریس کو کشمیر میں دفعہ 370 کی بحالی کی مبینہ کوششوں پر بھی نشانہ بنایا۔شاہ نے کہا کہ کشمیر ہندوستان کا ایک اٹوٹ حصہ ہے۔. میں راہول گاندھی کو چیلنج کرتا ہوں کہ آپ کی چوتھی نسل بھی دفعہ 370 کو واپس نہیں لا سکتی۔انہوں نے جھارکھنڈ میں جھارکھنڈ مکتی مورچہ کی قیادت والے اتحاد کو بھی نشانہ بنایا ۔