کانگریس اقلیتی ڈپارٹمنٹ کی جانب سے شہر کے 15 اسمبلی حلقوں میں مفت ہیلتھ کیمپس

   

26 ستمبر کو فرسٹ لانسر سے آغاز، سمیر ولی اللہ کا بیان
حیدرآباد۔ 23 ستمبر (سیاست نیوز) حیدرآباد سٹی کانگریس کمیٹی میناریٹی ڈپارٹمنٹ میں ہیلتھ ایئر آرٹس فائونڈیشن کے اشتراک سے شہر کے مختلف علاقوں میں فری ہیلتھ کیمپس کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔ وبائی امراض میں دن بہ دن اضافے کو دیکھتے ہوئے ہیلتھ کیمپس کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا تاکہ غریب خاندانوں کو ماہرین ڈاکٹرس کے ذریعہ طبی خدمات فراہم کی جاسکے۔ 26 ستمبر سے کیمپس کا آغاز ہوگا۔ شہر کے 15 اسمبلی حلقوں میں تین ہفتوں کے دوران یہ کیمپس منعقد کئے جائیں گے۔ حیدرآباد کانگریس کمیٹی میناریٹی ڈپارٹمنٹ کے صدرنشین سمیر ولی اللہ اور پردیش کانگریس ترجمان سید نظام الدین نے بتایا کہ سلم علاقوں میں غریب خاندانوں کے لیے میڈیکل کیمپس منعقد کئے جارہے ہیں۔ جس میں کئی معائنوں کی سہولت رہے گی۔ ای سی جی، 2D ایکو، بلڈ ٹیٹس، شوگر جی آر بی ایس بلڈ پریشرجیسے معائنے مفت کئے حائیں گے۔ جنرل فزیشین اور مختلف امراض کے ماہرین کیمپس میں دستیاب رہیں گے ۔ ادویات مفت دی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلہ میں 26 ستمبر کو فرسٹ لانسر اور 28 ستمبر کو گولکنڈہ اور 29 ستمبر کو رسول پورہ میں کیمپ منعقد ہوگا۔ سمیر ولی اللہ نے مذکورہ علاقوں کے عوام سے اپیل کی کہ وہ کیمپس میں شرکت کرتے ہوئے استفادہ کریں تاکہ وبائی امراض پر کنٹرول میں مدد ملے۔ انہوں نے کہا کہ سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا اور دیگر سینئر قائدین کو افتتاحی تقریب میں مدعو کیا جائے گا۔