کانگریس اقلیتی ڈکلیریشن کی تیاری کیلئے ڈرافٹ کمیٹی کی تشکیل

   

Ferty9 Clinic

7 مسلم قائدین کی شمولیت، مذہبی اور سماجی شخصیتوں سے عنقریب ملاقات
حیدرآباد 17 اگست (سیاست نیوز) کانگریس نے اسمبلی انتخابات میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کی تائید حاصل کرنے علحدہ اقلیتی ڈکلیریشن جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ دیگر طبقات کی طرح اقلیتوں کی تعلیمی ، معاشی و سماجی ترقی کیلئے ڈکلیریشن میں اہم وعدے اور اعلانات شامل رہیں گے۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے ڈکلیریشن کی تیاری کیلئے 7 رکنی ڈرافٹ کمیٹی تشکیل دی ہے۔ کمیٹی میں سابق وزیر محمد علی شبیر ، سابق ایم پی محمد اظہرالدین ، صدرنشین اقلیتی ڈپارٹمنٹ شیخ عبداللہ سہیل ، سینئر نائب صدر ظفر جاوید ، عبید اللہ کوتوال (محبوب نگر) ، محمد فہیم قریشی و جناب خسرو پاشاہ بیابانی (قاضی پیٹ) شامل ہیں۔ کمیٹی کا جلد اجلاس منعقد ہوگا جس میں ڈکلیریشن کی تیاری کیلئے مختلف مذہبی اور سماجی تنظیموں کے ذمہ داروں سے ملاقات کا پروگرام طئے کیا جائے گا۔ ارکان مذہبی ، سماجی تنظیموں و جہدکاروں سے ملاقات کرکے اقلیتوں کے مسائل پر تجاویز حاصل کریگے۔ گاندھی بھون میں تجاویز پیش کرنے ارکان دستیاب رہینگے اور ای میل آئی ڈی جاری کی جائیگی جس پر ڈکلیریشن میں شامل امور کو پیش کیا جاسکتا ہے ۔ محمد علی شبیر نے بتایا کہ مختلف گوشوں کی تجاویز کے بعد جامع ڈکلیریشن تیار کیا جائیگا۔ کانگریس مسلمانوں کی معاشی اور تعلیمی ترقی پر توجہ مرکوز کریگی ۔ انتخابی منشور کے اہم نکات میں موجودہ 4 فیصد تحفظات کی برقراری اور بیروزگار تعلیم یافتہ نوجوانوں کو قرض کی فراہمی جیسے امور ترجیحی بنیادوں پر شامل رہیں گے۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ مذہبی اور سماجی نمائندوں سے ملاقات ٹہں مسلمانوں کی ترقی کے عملی اقدامات پر تجاویز قبول کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ کرناٹک کی طرح تلنگانہ میں کانگریس کا میناریٹیز ڈکلیریشن جامع ہوگا۔ ماہرین تعلیم ، ماہرین معاشیات کے علاوہ سماجی مسائل سے نمٹنے والے جہدکاروں کی فہرست تیار کی جارہی ہے جن سے ارکان ملاقات کریں گے۔ اسی دوران صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے چیوڑلہ میں پرجا گرجنا پروگرام کوآرڈینیٹرس کا تقرر کیا ہے۔ سابق وزیر جی پرساد ، صدر ضلع کانگریس نرسمہا ریڈی سابق رکن اسمبلی ٹی رام موہن ریڈی ، جناردھن ریڈی ، مدھو سدن ریڈی ، ستیہ نارائن ریڈی ، سریندر ریڈی اور پانچ قائدین کو کوآرڈینیٹرس مقرر کیا گیا۔