کانگریس امیدواروں کو قطعیت دینے اسکریننگ کمیٹی کا اجلاس

   

ہائی کمان کو متوقع امیدواروں کی فہرست روانہ
حیدرآباد۔/6 ستمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ اسمبلی انتخابات کیلئے کانگریس امیدواروں کو قطعیت دینے اسکریننگ کمیٹی کا اجلاس آج حیدرآباد میں منعقد ہوا۔ کمیٹی کے صدرنشین مرلیدھرن ایم پی نے صدارت کی جبکہ اے آئی سی سی انچارج جنرل سکریٹری مانک راؤ ٹھاکرے، صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی، سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا ، سنٹرل الیکشن کمیٹی کے رکن اتم کمار ریڈی، اسکریننگ کمیٹی کے ارکان بابا صدیقی، جگنیش میوانی کے علاوہ اے آئی سی سی سکریٹریز منصور علی خاں، روہت چودھری اور وشواناتھ نے شرکت کی۔ اجلاس میں 119 نشستوںکیلئے موصولہ 1000 سے زائد درخواستوں کو شارٹ لسٹ کرتے ہوئے ہائی کمان کو روانہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ جن اسمبلی حلقہ جات کیلئے زائد درخواستیں داخل کی گئیں وہاں ہر حلقہ میں مقبولیت اور اہلیت کے اعتبار سے دو تا تین ناموں کو قطعیت دی گئی ہے۔ کانگریس کی سنٹرل الیکشن کمیٹی ناموں کو قطعیت دے گی۔ واضح رہے کہ اسکریننگ کمیٹی نے گذشتہ دو دن تک حیدرآباد میں قیام کرتے ہوئے پردیش الیکشن کمیٹی ارکان سے انفرادی طور پر ملاقات کرتے ہوئے تجاویز حاصل کی۔