اسکریننگ کمیٹی کی 4 ستمبر کو آمد ، 1006 درخواستوں کا ادخال، کمزور طبقات کو مناسب نمائندگی
حیدرآباد: 29 اگست (سیاست نیوز) اسمبلی انتخابات کی تیاریوں کے سلسلہ میں کانگریس کی پردیش الیکشن کمیٹی کا پہلا اجلاس آج گاندھی بھون میں منعقد ہوا۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کے علاوہ سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا، ارکان پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی، رکن کانگریس ورکنگ کمیٹی دامودھر راج نرسمہا، ارکان اسمبلی سریدھر بابو، جگاریڈی، سیتا اکا، ورکنگ پریسیڈینٹس مہیش کمار گوڑ، انجن کمار یادو، سابق صدور پردیش کانگریس پونالا لکشمیا، وی ہنمنت رائو، سابق اپوزیشن لیڈرس کے جانا ریڈی، محمد علی شبیر، تشہیری کمیٹی کے صدرنشین مدھو یاشکی گوڑ، رینوکا چودھری، بلرام نائک، سمپت کمار، ومشی چند ریڈی، پی سرینواس ریڈی، پریم ساگر، سنیتا رائو، شیوسینا ریڈی، بی وینکٹ اور دوسروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں اسمبلی انتخابات کے لیے امیدواروں کے انتخاب کا جائزہ لیا گیا۔ 119 نشستوں کے لیے 1000 سے زائد درخواستیں موصول ہوئی ہیں اور اجلاس میں طے کیا گیا کہ اسمبلی حلقہ جات میں مقبولیت اور کامیابی کی اہلیت کی بنیاد پر امیدواروں کے ناموں کو قطعیت دی جائے گی۔ ارکان نے پسماندہ طبقات اور ایس سی ایس ٹی طبقات کو مناسب نمائندگی کی تجویز پیش کی۔ بتایا جاتا ہے کہ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں عوامی لہر کانگریس کے حق میں ہے لہٰذا امیدواروں کے انتخاب کے معاملہ میں احتیاط کی ضرورت ہے۔ پارٹی نے سروے رپورٹ حاصل کی ہے اور صرف عوامی مقبولیت رکھنے والے افراد کے ناموں کی سفارش کی جائے گی۔ پردیش الیکشن کمیٹی کی جانب سے پارٹی ہائی کمان کو ہر اسمبلی حلقہ میں دو سے زائد ناموں کی سفارش کی جائے گی اور قطعی فیصلہ ہائی کمان کا رہے گا۔ اجلاس کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے بتایا کہ موصولہ درخواستوں کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ درخواست گزاروں کا پارٹی سے تعلق، پارٹی میں شمولیت کی تاریخ، پارٹی پروگراموں میں شرکت اور حکومت کے خلاف پروگرام کے اہتمام کو ترجیح دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ 2 ستمبر کو پردیش الیکشن کمیٹی کے اجلاس میں ناموں کو شارٹ لسٹ کیا جائے گا۔ 4 ستمبر کو اسکریننگ کمیٹی کے صدرنشین مرلی دھرن اور ارکان بابا صدیقی، جگنیش میوانی حیدرآباد پہنچیں گے۔ 3 دن تک حیدرآباد میں قائدین سے ملاقات کرتے ہوئے رپورٹ تیار کی جائے گی۔ پردیش الیکشن کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ پہلی فہرست میں ایس سی ایس ٹی اور بی سی امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا جائے گا۔ ملکارجن کھرگے سے درخواست کی گئی ہے کہ کانگریس ورکنگ کمیٹی کا پہلا اجلاس حیدرآباد میں منعقد کیا جائے۔ 119 اسمبلی حلقہ جات کے لیے 1006 درخواستیں موصول ہوئی ہیں اور سب سے زیادہ 38 درخواستیں ایلندو اسمبلی حلقہ کے لیے داخل کی گئیں۔ کوڑنگل اور جگتیال حلقہ جات کے لیے صرف ایک ایک درخواست داخل کی گئی۔