جونپور: اتر پردیش کے جونپور ضلع میں صدر علاقے سے کانگریس امیدوار اور سابق ایم ایل اے ندیم جاوید اور ان کے 300 حامیوں کے خلاف ضابطہ اخلاق اور کوویڈ 19 کی خلاف ورزی کا مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔ ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سٹی ڈاکٹر سنجے کمار نے جمعہ کو بتایا کہ تھانہ کوتوالی کے چوکی انچارج راج کالج چندن کمار رائے کی تحریر کی بنیاد پر پولیس نے ندیم جاوید اور ان کے تقریباً 300 حامیوں کے خلاف کووڈ-19 اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 17 فروری کو شہری اسمبلی حلقہ کے امیدوار ندیم کی قیادت میں پرچہ نامزدگی کے لیے جلوس نکالا گیا جس کی وجہ سے شہر کی ٹریفک متاثر ہوئی۔ کوتوالی چوراہے پر حامیوں کی طرف سے آتش بازی بھی کی گئی جسے مثالی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی سمجھا جاتا ہے ۔ پولیس نے امیدوار اور اس کے حامیوں کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے ۔
