کانگریس امیدوار نوین یادو نے پرچہ نامزدگی داخل کردیا

   

ریاستی وزراء اور سینئر قائدین کی شرکت، کارکنوں کا بھاری جلوس
حیدرآباد 17 اکتوبر (سیاست نیوز) جوبلی ہلز کے کانگریس امیدوار وی نوین یادو نے آج پرچہ نامزدگی داخل کردیا۔ حامیوں کے ساتھ بڑے جلوس میں نوین یادو ریٹرننگ آفیسر کے دفتر پہنچے۔ وزراء ، پونم پربھاکر ، جی ویویک وینکٹ سوامی ، سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ ، رکن راجیہ سبھا انیل کمار یادو ، میئر حیدرآباد جی وجیہ لکشمی ، سابق رکن پارلیمنٹ محمد اظہرالدین ، صدرنشین گراندھالیہ ڈاکٹر ریاض ، مہیلا کانگریس حبیبہ سلطانہ ، کارپوریٹر سی این ریڈی اور سنگیتا یادو اس موقع پر موجود تھے ۔ پرچہ کے ادخال کے بعد کارکنوں نے آتشبازی کی اور نوین یادو نے ووٹرس سے ملاقات کی۔ یوسف گوڑہ چیک پوسٹ سے سری نگر کالونی تک جلوس سے ٹریفک میں خلل پڑا۔ شیخ پیٹ تحصیلدار آفس میں ریٹرننگ آفیسر کے روبرو نوین یادو نے پرچہ کے دو سیٹ داخل کئے ۔ ریٹرننگ آفیسر پی سائی رام نے پرچہ نامزدگی قبول کیا۔ بعد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے پونم پربھاکر نے نوین یادو کی کامیابی کو یقینی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی فلاحی اور ترقیاتی اسکیمات سے عوام مطمئن ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جوبلی ہلز میں تمام طبقات کی تائید کانگریس کو حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں یہ دوسرا ضمنی چناؤ ہے۔ کنٹونمنٹ میں جس طرح کانگریس کو کامیابی ملی تھی اسی طرح جوبلی ہلز میں بھی کانگریس کامیاب ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس سے حکومت پر الزام تراشی کا سلسلہ جاری ہے۔ کانگریس پارٹی نے علاقہ سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان کو امیدوار بنایا ہے جو مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔ بی آر ایس نے گزشتہ 10 برسوں میں جوبلی ہلز کی ترقی کو نظر انداز کردیا تھا۔1