کانگریس امیدوار کی انتخابی عذرداری کی سماعت

   

۔12 درخواستوںکی ایک ساتھ سماعت کرنے ہائی کورٹ کا فیصلہ
حیدرآباد ۔ 28 ۔ جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے ٹی آر ایس امیدواروں کی کامیابی کے خلاف کانگریس قائدین کی جانب سے دائر کردہ انتخابی عذر داری کی درخواستوں کی سماعت کی ہے ۔ 12 کانگریس قائدین اور ایک تلگو دیشم قائد نے ہائی کورٹ میں رٹ پٹیشن داخل کی جس میں ان کے خلاف ٹی آر ایس امیدواروں کی کامیابی کو چیلنج کیا گیا۔ ان کا الزام تھا کہ انتخابی بے قاعدگیوں کے ذریعہ یہ کامیابی حاصل کی گئی ہے ۔ تمام 13 درخواستوں کی سماعت کے بعد ہائی کورٹ نے کانگریس کے 12 امیدواروں کی درخواست کو ایک مقدمہ کے طور پر سماعت کرنے کا فیصلہ کیا۔ کوڑنگل اسمبلی حلقہ سے ٹی آر ایس امیدوار پی نریندر ریڈی پر انتخابی قواعد کی خلاف ورزی ، 6.5 کروڑ خرچ کرنے سے متعلق ڈائری دستیاب ہونے کی شکایت کرتے ہوئے کانگریس کے امیدوار ریونت ریڈی نے درخواست داخل کی ۔ حلقہ اسمبلی دھرما پوری کے ٹی آر ایس امیدوار کے ایشور کی کامیابی کو چیلنج کرتے ہوئے اے لکشمن کمار نے رٹ پٹیشن دائر کی۔ درخواست میں شکایت کی گئی کہ جن مقامات پر ای وی ایم مشینیں محفوظ کی گئی تھیں ، انہیں مہربند نہیں کیا گیا ۔ انتخابی قواعد کے مطابق نتائج کے 45 دنوں میں عدالت میں انتخابی عذرداری دائر کی جاسکتی ہے۔ جن امیدواروں میں رٹ پٹیشن دائر کی، ان میں کانگریس قائدین ڈی کے ارونا ، ڈی شراون کمار ، ناگم جناردھن ریڈی ، کے گیانیشور راؤ ، پونم پربھاکر ، اے دیاکر ، فیروز خان اور تلگو دیشم کے امیدوار چندر شیکھر شامل ہیں۔