حیدرآباد : 2 نومبر ( سیاست نیوز) کانگریس نے جوبلی ہلز ضمنی چناؤ میں فلمی شخصیتوں کی تائید حاصل کرنے کی مساعی شروع کردی ہے ۔ تلگو کے نامور اداکار سمن نے کانگریس امیدوار نوین یادو کے حق میں انتخابی مہم چلائی اور کرشنا نگر کے علاقہ میں گھر گھر پہنچ کر ووٹرس سے ملاقات کی ۔ فلمی اسٹار سمن کانگریس کے کھنڈوا پہنے ہوئے تھے اور انہوں نے عوام سے ملاقات کرکے کانگریس کے حق میں ووٹ دینے کی اپیل کی ۔ کرشنا نگر میں سمن کی آمد پر شائقین اور مداحوں کی جانب سے اُن کا استقبال کیا گیا ۔ سمن نے استقبال کا جواب دیا اور مداحوں کے ساتھ تصویر کھنچوائی ۔ مرد و خواتین کی کثیر تعداد نے فلم اسٹار سے ملاقات کی ۔ سمن کی آمد کی اطلاع ملتے ہی عوام بالخصوص نوجوان گھروں سے باہر نکلے اور استقبال کیا ۔کانگریس پارٹی کو امید ہے کہ سمن کی مہم سے پارٹی کو فائدہ ہوگا ۔ فلم اسٹار نے گزشتہ دنوں ایک ویڈیو پیام جاری کرتے ہوئے نوین یادو کی تائید کا اعلان کیا تھا ۔ بتایا گیا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے سمن سے خواہش کی کہ وہ تمام بلدی ڈیویژنس میں پارٹی کی انتخابی مہم میں حصہ لیں ۔ 1