عوام کی تائید کانگریس کے ساتھ، دولت کے ذریعہ ٹی آر ایس کامیاب
حیدرآباد۔ 27 جنوری (سیاست نیوز) کانگریس رکن اسمبلی جگاریڈی نے کہا کہ بلدی انتخابات میں کانگریس نے ٹی آر ایس کو سخت مقابلہ دیا ہے تاہم سرکاری مشنری کے استعمال کے ذریعہ برسر اقتدار پارٹی نے کامیابی حاصل کی۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جگاریڈی نے کہا کہ کاگنریس پارٹی کارکنوں نے پوری سنجیدگی اور حوصلے کے ساتھ برسر اقتدار پارٹی کا مقابلہ کیا۔ جگاریڈی نے کہا کہ کانگریس جیتے یا ہارے وہی ہیرو ہے۔ انہوں نے کہا کہ شکست کے لیے قیادت کو ذمہ دار قرار نہیں دیا جاسکتا۔ قائدین نے بہتر تال میل کے ذریعہ کام کیا۔ انہوں نے کانگریس کے حق میں ووٹ کا استعمال کرنے والے رائے دہندوں سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ شکست کے باوجود پارٹی ہمیشہ عوام کے درمیان رہ کر ان کی خدمت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ بلدی انتخابات میں ٹی آر ایس کی کامیابی کوئی کارنامہ نہیں ہے۔ مقامی سطح کے انتخابات میں عام طور پر نتائج برسر اقتدار پارٹی کے حق میں ہوتے ہیں لیکن یہاں تو ٹی آر ایس نے بے قاعدگیوں اور دھاندلیوں کے ذریعہ کامیابی حاصل کی ہے۔ رقومات کا بھاری خرچ کرنا کامیابی میں اہم رول ادا کیا ہے جبکہ کانگریس کے پاس اس قدر دولت نہیں کہ وہ رائے دہندوں کو خرید سکے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے ساتھ عوام کی تائید ہے۔ لہٰذا کئی اہم وارڈس میں اسے کامیابی حاصل ہوئی۔ بعض مقامات پر صرف 5 تا 10 ووٹوں کے فرق سے کانگریس کے امیدواروں کو شکست ہوئی۔ بلدی انتخابات میں ٹی آر ایس کی جانب سے کہیں بھی ترقی کا ذکر نہیں کیا گیا بلکہ صرف دولت پر بھروسہ کرتے ہوئے مہم چلائی گئی۔ سنگاریڈی ہمیشہ کانگریس کا گڑھ رہا ہے لیکن اس بار ٹی آر ایس کا پرچم لہرانے پر ہریش رائو کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے 100 سے زائد بلدیات میں کامیابی کے لیے چیف منسٹر کو مبارکباد پیش کی۔