کانگریس اور بی آر ایس میں کانٹے کا مقابلہ

   

نارائن پیٹ میں تشہیری مہم کے آخری دن دونوں جماعتوں کے جلسہ و جلوس میں عوام کی شرکت

نارائن پیٹ ۔28 نومبر ۔ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) حلقہ اسمبلی نارائن پیٹ کے بی آر ایس امیدوار و رکن اسمبلی جناب ایس راجندر ریڈی اور کانگریس امیدوارہ ڈاکٹر پرینکا ریڈی نے حلقہ کے عوام بالخصوص مسلمانوں سے اُن کے حق میں ووٹ کا استعمال کرنے کی پرزور اپیل کی ہے ۔ ان دو قائدین نے علحدہ علحدہ پریس کانفرنس میں اس بات کا دعویٰ کیا کہ وہ اب کی بار بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گے ۔ واضح رہے کہ حلقہ اسمبلی نارائن پیٹ میں بی آر ایس ، کانگریس اور بی جے پی میں سہ رخی مقابلہ درپیش ہے تاہم اصل مقابلہ بی آر ایس اور کانگریس میں ہوگا اور دونوں کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہے ۔ حلقہ اسمبلی نارائن پیٹ کے رائے دہندوں کی رائے منقسم ہے ۔ اسی طرح مسلمانوں میں بھی کسی ایک امیدوار کے حق میں اتفاق آراء نہیں ہے ۔ مختلف جماعتوں اور اداروں نے اپنے اپنے پسند کے امیدوار کی تائید کا اعلان کیا ہے ۔ حلقہ کے بعض حساس مواضعات میں تینوں سیاسی جماعتوں بی آر ایس ، کانگریس اور بی جے پی کے کارکنوں میں تناؤ کا ماحول ہے ، چنانچہ ضلع ایس پی یوگیش گوتم نے 30 سے زائد مقامات کی نشاندہی کی ہے جہاں فوج اور پولیس کو تعینات کیا گیا ہے ، تشہیری مہم کی آج آخری دن ان دو جماعتوں کے چاہنے والوں نے علحدہ علحدہ جلوس و جلسہ منعقد کئے جس میں عوام نے جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی ۔