کانگریس اور بی آر ایس کی جھڑپوں کو روکنے بھوپال پلی میں دفعہ 144 نافذ

   

حیدرآباد۔ یکم؍ مارچ، ( سیاست نیوز) بھوپال پلی میں بی آر ایس اور کانگریس کارکنوں کے درمیان امکانی جھڑپوں کو روکنے کیلئے پولیس نے احتیاطی تدابیر کے طور پر میونسپلٹی کے حدود میں ایک ہفتہ تک 144 سی آر پی سی کے تحت امتناعی احکام نافذ کئے ہیں۔ سپرنٹنڈنٹ پولیس سریندر ریڈی نے کہا کہ جمعرات سے ایک ہفتہ تک دفعہ 144 نافذ رہے گی۔ انہوں نے سیاسی پارٹیوں کے قائدین سے اپیل کی کہ وہ پُرامن رہیں اور امن و ضبط کو بگاڑنے کی کوئی حرکت نہ کریں۔ سریندر ریڈی نے کہا کہ امن و ضبط کی برقراری کیلئے کسی کو کھلے مباحث یا پھر کسی اور سرگرمی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ بلاضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ واضح رہے کہ کل رات ریونت ریڈی کی پدیاترا اور جلسہ عام کے موقع پر بی آر ایس اور کانگریس کارکنوں میں جھڑپ ہوئی تھی ۔