عوام سے کئے گئے وعدوں کو یکسر فراموش کردیا گیا ۔ تلنگانہ بھون میں یوم جمہوریہ تقریب سے سابق وزیر کا خطاب
حیدرآباد 26 جنوری ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں کانگریس اور قومی سطح پر بی جے پی جمہوری اقدار کو پامال کرکے عوامی آزادی پر کاری ضرب لگانے کے مرتکب بن رہی ہیں دونوں ہی جماعتیں اپنے اقتدار کا استعمال کرتے ہوئے آئین کی روح کو نقصان پہنچاتے ہوئے عوامی حقوق کو سلب کرنے لگی ہیں۔ کارگذار صدر بی آر ایس کے ٹی راما راؤ نے 77ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر تلنگانہ بھون میں پرچم کشائی کے بعد خطاب میں ان خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس نے عوام سے وعدوں کو پورا کرنے کی بجائے جمہوری اقدار کو پامال کرنے کی نئی مثالیں قائم کی ہیں ۔کے ٹی آر نے تکو گوڑہ میں کانگریس جلسہ عام کے دوران جاری ’نیائے پاترم‘ کا تذکرہ کیا اور کہا کہ راہول گاندھی نے جو دستاویز جاری کئے تھے کانگریس اس پر بھی قائم نہیں رہ پائی بلکہ 2023 اسمبلی انتخابات کے فوری بعد بی آر ایس کے ٹکٹ پر کامیاب اراکین اسمبلی کو کانگریس میں شامل کرکے اپنے ہی دستاویزات سے انحراف کیا ہے۔ انہو ںنے تلنگانہ میں صحافتی اداروں اور صحافیوں پر حملوں کو دستور میں فراہم آزادی کے مغائر قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت ذرائع ابلاغ کو خاموش کروانے کی کوشش میں مصروف ہے۔ کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ تلنگانہ میں تمام طبقات حکومت سے نالاں ہوچکے ہیں ۔ انہو ںنے ایس سی ‘ ایس ٹی ‘ بی سی ‘ اقلیتوں اور خواتین کا تذکرہ کیا اور کہا کہ تمام طبقات سے جو وعدے کئے گئے تھے ان میں سے کسی بھی طبقہ سے وعدوں کو پورا نہیں کیا جا رہاہے بلکہ ان وعدوں کی یاددہانی کروانے پر انہیں نشانہ بنایا جانے لگا ہے۔ سابق وزیر نے چیف منسٹر ریونت ریڈی پر الزام عائد کیا کہ وہ منصوبہ بند انداز میں دستور کو پامال کررہے ہیں ۔انہو ںنے کہا کہ تلنگانہ کے معاملہ میں بی جے پی کا رویہ بھی غیر دستوری ہے حالانکہ سپریم کورٹ نے ریاستی حکومت کی بدعنوانیوں اور بے قاعدگیوں کی جانچ کیلئے اعلیٰ سطحی کمیٹی کی ہدایت جاری کی ہیں۔ انہو ں نے بتایا کہ کانگریس اور بی جے پی دونوں جماعتیں جمہوری اصولوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے عوام کو دھوکہ دے رہی ہیں۔ انہوں نے بابائے دستور ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کی خدمات کو خراج پیش کیا اور کہا کہ بی آر ایس نے ڈاکٹر امبیڈکر کے اصولوں اور تعلیمات پر عمل کے ذریعہ علحدہ تلنگانہ کے حصول کو یقینی بنایا ہے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ کیلئے شعور اجاگر کرکے عوام کو علحدہ ریاست کی ضرورت و اہمیت سے واقف کروانے کے ساتھ منصوبہ بندی اور جدوجہد کی گئی جس کے نتیجہ میں علحدہ ریاست تلنگانہ کا خواب شرمندہ تعبیر ہوپایا ہے ۔ یوم جمہوریہ تقریب میں پارٹی کے سرکردہ قائدین بشمول سابق وزیر جناب محمد محمود علی ‘ جناب الحاج محمد سلیم سابق رکن کونسل ‘ جناب علی بن ابراہیم مسقطی و اراکین پارلیمان و اسمبلی کے علاوہ اراکین کونسل موجود تھے ۔3