کانگریس اور بی جے پی‘ قومی پارٹیاں نہیں : کے ٹی آر

   

کئی ریاستوں میں دونوں پارٹیوں کا نام ونشان نہیں‘ مرکز میں ٹی آر ایس اہم رول ادا کرے گی

ونپرتی 10؍ مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلنگانہ ریاست کے اسکیمات پورے ملک میں مثالی ہیں ۔ اور دیگر ریاستوں میں وزیراعظم نریندر مودی بھی ریاست کی اسکیمات سے متاثر ہو کر اس کی نقل کر رہے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار ٹی آر ایس پارٹی ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے کیا ۔ حلقہ پارلیمنٹ ناگرکرنول کے کارکنوں اور قائدین کے ساتھ جلسہ عام مستقر ونپرتی کے ناتورم میں منعقد ہوا ۔ اس جلسہ عام میں کے ٹی آر نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ پانچ سال کے عرصہ میں مختلف ترقیاتی کاموں کے ذریعہ یہاں کے عوام کو فائدہ پہنچایا گیا ہے ۔ تمام طبقات اور مذاہب سے تعلق رکھنے والے غریب اور مستحق لڑکیوں کی شادیوں کے لئے ایک لاکھ ایک سو سولہ روپئے دیا جا رہا ہے ‘ جس کے تحت اس حلقہ میں 25 ہزار 424 لڑکیوں نے فائدہ اٹھایا ہے ۔ ناگرکرنول پارلیمانی حلقہ میں 45 گروکل اسکول کا قیام عمل میں لاتے ہوئے طلبہ کو بہترین تعلیم فراہم کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کلواکرتی لفٹ ایریگیشن کے تحت اس علاقہ کو سیراب کیا گیا ہے ‘ جس سے متحدہ محبوب نگر سرسبزو شاداب نظر آ رہا ہے ۔ لیکن ان سب ترقیاتی و فلاحی اسکیمات کو دیکھ کر کانگریس پارٹی قائدین کو پیٹ میں درد ہو رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس و بی جے پی قائدین کہہ رہے ہیں کہ پارلیمانی انتخابات سے کے سی آر کوکیا لینا دینا ۔ لیکن میں کہتا ہوں کہ کے سی آر نے صرف 2 ایم پیز کے ذریعہ علحدہ ریاست حاصل کرلیا ہے ۔ اگر 16 پارلیمانی نشستیں ٹی آر ایس کو ملیں گے تو دہلی میں ٹی آر ایس پارٹی مزید اہم رول ادا کرے گی جس سے ریاست کو مزید فنڈس لا کر ترقی کرنے کے لئے ایک قیمتی ذریعہ ہے ۔ اگر فیڈرل فرنٹ کے تحت دہلی میں اقتدار کا حصول ہو تو ریاست کو ہر شعبہ میں ترقی دلائی جاسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اور بی جے پی قومی پارٹی نہیں ہیں ۔ کیونکہ ان دونوں پارٹیوں کا کئی ریاستوں میں نام و نشان نہیں ہے ۔ انہوں نے کہاکہ حلقہ پارلیمانی محبوب نگر میں کانگریس پارٹی کو امیدوار نہیں مل رہا ہے ۔ اسمبلی انتخابات میں ناگرکرنول حلقہ پارلیمان میں ٹی آر ایس کو 51 فیصد ووٹ حاصل ہوئے تھے جس کے تحت 6 لاکھ سے زائد ووٹ حاصل ہوئے تھے ۔ لیکن پارلیمانی انتخابات میں 5 لاکھ سے زائد ووٹ حاصل کرنے کے لئے پارٹی کارکن اور قائدین کوشش کریں ۔ اس جلسہ کی صدارت وزیر زراعت نرنحن ریڈی نے کی ۔ اس جلسہ عام سے سابق وزیر جوپلی کرشنا راؤ‘ اچم پیٹ ایم ایل اے گولابالاراج ‘ ناگرکونل ایم ایل اے مرلی جناردھن ‘ کلواکرتی ایم ایل اے جئے پال یادو ‘زیڈ پی چیرمین بنڈداری بھاسکر نے مخاطب کیا ۔ اس جلسہ عام میں سرینواس گوڑ ‘ دیورکدرہ ایم ایل اے ‘ مکتھل ایم ایل اے رام موہن ریڈی ‘ ایم ایل سی دامودھری ریڈی ‘ نارائن ریڈی کے علاوہ میونسپل چیرمین رمیش گوڑہ ‘ کونسلرس ‘ سینئر پارٹی قائدین شریک تھے ۔ اس جلسہ میں ہزاروں کی تعداد میں عوام شریک تھی ۔