ٹی آر ایس کے ووٹوں میں کوئی کمی نہیں آئی : ہریش راؤ
حیدرآباد ۔ 2 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ کانگریس اور بی جے پی نے خفیہ ساز باز کرتے ہوئے ٹی آر ایس کو شکست دی ہے ۔ حضور آباد ضمنی نتائج کی اجرائی کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ ٹی آر ایس کی مقبولیت میں کوئی کمی نہیں آئی ہے اور نہ ہی ٹی آر ایس کا ووٹ بینک بکھرا ہے مگر ملک میں ایک دوسرے کے خلاف مقابلہ آرائی کرنے والی کانگریس اور بی جے پی نے حضور آباد میں مل کر کام کیا ہے ۔ جس کی وجہ سے ٹی آر ایس کو شکست ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس عوامی فیصلے کو قبول کرے گی اور ساتھ ہی ٹی آر ایس کے حق میں ووٹ دینے والے رائے دہندوں اور ٹی آر ایس پارٹی کے لیے کام کرنے والے ٹی آر ایس کارکنوں سے ہریش راؤ نے اظہار تشکر کیا ۔ وزیر فینانس نے کہا کہ کانگریس کے سینئیر قائدین ہی اعتراف کررہے ہیں کہ کانگریس پارٹی نے بی جے پی کا ساتھ دیا ہے ۔ ریاست کے عوام بھی اس کا سنجیدگی سے جائزہ لے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک ضمنی انتخاب ہے ٹی آر ایس کا کوئی نقصان نہیں ہوگا ۔ ہر پارٹی کیلئے جیت ہار لگی رہتی ہے ۔ ٹی آر ایس پارٹی ہمیشہ عوام کے ساتھ رہیگی ۔۔ ن