کانگریس اور بی جے پی چاہیں تو پارلیمنٹ میں بی سی بل منظور ہوگا

   

بی جے پی کے 240 اور کانگریس کے 99 ارکان پھر بھی سیاسی ڈرامہ بازی : ہریش راؤ
حیدرآباد۔ 18 اکتوبر (سیاست نیوز) بی آر ایس کے رکن اسمبلی ہریش راؤ نے بی سی تحفظات پر سیاسی فائدہ حاصل کرنے کے لئے ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کی کوشش کرنے کا کانگریس اور بی جے پی پر الزام عائد کیا۔ آج تلنگانہ بھون میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ ریاست میں کانگریس کی حکومت ہے اور مرکز میں بی جے پی کی حکومت ہے۔ انڈیا اتحاد اور این ڈی اے کی حلیف جماعتیں بی سی طبقات کو 42 فیصد تحفظات دینا چاہتی ہیں تو چائے پینے کے وقت تک پارلیمنٹ میں بل منظور ہو جائے گا لیکن یہ دو جماعتیں تحفظات کی بجائے سیاست کو ترجیح دے رہے ہیں۔ ہریش راؤ نے دونوں جماعتوں کو پارلیمنٹ میں بی سی تحفظات کا بل منظور کرنے کے لئے بل پیش کرنے کا مشورہ دیا۔ بی آر ایس کی جانب سے راجیہ سبھا میں بل کی مکمل تائید کرنے کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں بی جے پی کے 240 ارکان ہیں جبکہ کانگریس کے 99 ارکان ہیں۔ اگر یہ دونوں جماعتیں ہی متحد ہوکر بل کی تائید کرتے ہیں تو آسانی سے بل پاس ہو جائے گا لیکن دونوں جماعتیں اس معاملہ میں سنجیدہ نہیں ہیں۔ بی آر ایس پارٹی بی سی طبقات کو مقامی اداروں کے انتخابات میں 42 فیصد تحفظات فراہم کرنے کے حق میں ہیں۔ اسمبلی میں بی آر ایس نے بل کی تائید کرتے ہوئے اپنے موقف کا اظہار کردیا تھا۔ مرکزی وزراء جی کشن ریڈی اور بنڈی سنجے اس معاملہ میں وزیر اعظم سے نمائندگی کرتے ہوئے تلنگانہ کے بی سی طبقات کے ساتھ انصاف کریں۔ 2