کانگریس اور تلنگانہ حکومت کی طاقت مسلمان ہیں: ریونت ریڈی

   

مسلمان اور ہندو حکومت کی دو آنکھیں، ہر شعبہ میں مسلمانوں سے انصاف، جوبلی ہلز کی ترقی کیلئے کانگریس کو ووٹ دینے کی ا پیل، چیف منسٹر کا روڈ شو اور کارنر میٹنگس

حیدرآباد ۔ 5 ۔نومبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ مسلمان کا مطلب کانگریس پارٹی اور کانگریس کا مطلب مسلمان ہے۔ مسلمان نہ صرف کانگریس بلکہ تلنگانہ حکومت کی طاقت بھی ہیں۔ ان کی تائید سے حکومت قائم ہے۔ چیف منسٹر آج شام جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ کی انتخابی مہم کے سلسلہ میں شیخ پیٹ اور یوسف گوڑہ ڈیویژنس میں روڈ شو کے بعد عوام سے خطاب کر رہے تھے۔ روڈ شو میں عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ بی آر ایس نے گزشتہ دس برسوں میں اقلیتوں کے ساتھ مسلسل ناانصافی کی۔ مسلمانوں کو اہم عہدوں سے فراموش کیا گیا۔ کانگریس حکومت نے کرکٹر محمد سراج کو بہتر مظاہرہ پر ڈی ایس پی کے عہدہ پر فائز کیا۔ باکسنگ چمپئن نکہت زرین کو تین کروڑ روپئے انعام اور ڈی ایس پی کا عہدہ دیا گیا ۔ حکومت نے ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل کے عہدہ پر مسلمان کو فائز کیا ہے ۔ پبلک سرویس کمیشن ، آر ٹی آئی کمشنرس میں بھی مسلمانوں کو نمائندگی دی گئی ۔ ریاست میں جملہ 11 کارپوریشنوں کے صدورنشین مسلمان ہیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ان کی حکومت نے دو کھلاڑیوں کو ڈی ایس پی کے عہدہ پر فائز کیا ہے اور تیسرے کھلاڑی محمد اظہرالدین کو کابینہ میں شامل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اظہرالدین کی حلف برداری روکنے کیلئے مرکزی وزیر کشن ریڈی نے گورنر سے نمائندگی کی تھی۔ انہوں نے سوال کیا کہ وزارت میں مسلمانوں کو اظہرالدین کی شکل میں ان کا حق دیئے جانے پر کشن ریڈی کو تکلیف کیوں ہے۔ چیف منسٹر ننے کہا کہ ہندو اور مسلمان تلنگانہ حکومت کی دو آنکھیں ہیں۔ حکومت دونوں میں کوئی فرق نہیں کرتی۔ گزشتہ 20 ماہ میں دونوں طبقات کے ساتھ حکومت نے یکساں سلوک کرتے ہوئے فلاحی اسکیمات میں حصہ داری دی ہے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ بی آر ایس قائدین مسلمانوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ بی آر ایس اور بی جے پی میں مفاہمت کا الزام عائد کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ لوک سبھا چناؤ میں بی آر ایس کی مدد سے بی جے پی نے 8 لوک سبھا نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے ۔ اگر تلنگانہ سے 8 ارکان پارلیمنٹ منتخب نہ ہوتے تو نریندر مودی ملک کے وزیراعظم نہ ہوتے۔ بی آر ایس قائدین نے اقتدار میں کئی ہزار کروڑ کی کمائی کی ہے اور نریندر مودی انہیں بلیک میل کرتے ہوئے تائید کے لئے مجبور کرچکے ہیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ جوبلی ہلز کی ترقی کیلئے کانگریس کی کامیابی ناگزیر ہے۔ اگر کار کو ووٹ دیا جائے تو وہ بی جے پی کو ووٹ دینے کے مترادف ہوگا۔ کالیشورم بدعنوانیوں کی سی بی آئی تحقیقات کیلئے تلنگانہ حکومت نے تین ماہ قبل مکتوب روانہ کیا لیکن آج تک مرکز نے کوئی فیصلہ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر شیروانی پہن کر بریانی اور قوبانی کھلاکر مسلمانوں کو دھوکہ دے رہے ہیں لیکن حقیقت میں وہ بی جے پی کے ساتھ ہیں۔ جوبلی ہلز میں اصل مقابلہ نوین یادو اور سنیتا کے درمیان نہیں ہے بلکہ یہ مقابلہ مودی ۔ کے سی آر اور راہول گاندھی ۔ ریونت ریڈی کے درمیان ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ جوبلی ہلز میں 400 کروڑ کے ترقیاتی کاموں کی منظوری دی گئی ہے ۔ الیکشن کے بعد 4000 مکانات اندراماں ہاؤزنگ کے تحت غریبوں کو الاٹ کئے جائیں گے ۔ حیدرآباد کی ترقی میں بی جے پی کو اہم رکاوٹ قرار دیتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ اگر کشن ریڈی کو حیدرآباد کی ترقی میں دلچسپی ہے تو مودی اور امیت شاہ سے بات کرتے ہوئے تلنگانہ کے پراجکٹس کو منظوری حاصل کرنی چاہئے ۔ بی آر ایس نے 10 برسوں میں ایک بھی راشن کارڈ جاری نہیں کیا جبکہ کانگریس حکومت نے نہ صرف نئے راشن کارڈ جاری کئے بلکہ باریک چاول مفت سربراہ کیا جارہا ہے۔ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ کانگریس پارٹی کا مسلم اقلیت سے قدیم رشتہ ہے اور دونوں کو جدا نہیں کیا جاسکتا۔ بی آر ایس اور بی جے پی مسلمانوں کو کانگریس سے دور کرنے کی سازش کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آل انڈیا کانگریس کمیٹی نے 8 مسلمانوں کو پارٹی کا صدر بنایا ہے ۔ ملک میں 12 مسلم چیف منسٹر کانگریس پارٹی نے بنائے تھے۔ علاقائی پارٹیاں مسلمانوں کو کانگریس سے دور کرنا چاہتی ہیں جبکہ مسلمان ہمیشہ کانگریس کے ساتھ ہیں۔ کانگریس کے برے حالات میں بھی مسلمانوں نے کانگریس پارٹی کا ساتھ دیا ہے ۔ ریاستی وزراء اتم کمار ریڈی ، جی ویویک وینکٹ سوامی ، محمد اظہر الدین ، رکن راجیہ سبھا انیل یادو اور کانگریس امیدوار نوین یادو نے بھی مخاطب کیا۔ 1