کانگریس اور تلگودیشم کے اہم قائدین کی بی جے پی میں شمولیت

   

Ferty9 Clinic

مرلیدھر رائو نے خیرمقدم کیا، یہ محض ٹریلر ہے فلم جلد شروع ہوگی: ڈاکٹر لکشمن
حیدرآباد۔ 27 جون (سیاست نیوز) تلنگانہ میں قدم جمانے کے لیے بی جے پی نے دیگر پارٹیوں سے قائدین کو شامل کرنے کی مہم شروع کردی ہے۔ کانگریس اور تلگودیشم سے تعلق رکھنے والے قائدین کو ترجیح دی جارہی ہے تاکہ اضلاع میں پارٹی کا موقف مستحکم ہو۔ کانگریس کے رکن اسمبلی کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی کی جانب سے بی جے پی میں شمولیت کے اعلان سے بی جے پی کیڈر کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔ اسی دوران نئی دہلی میں تلگودیشم اور کانگریس کے چند اہم قائدین نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی۔ تلگودیشم کے سابق ارکان اسمبلی ای پیدی ریڈی، چاڈا سریش ریڈی، بی جناردھن، کانگریس کے سابق رکن اسمبلی ششی دھرریڈی نے سینئر قائد مرلیدھر رائو کی موجودگی میں بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی۔ اس موقع پر بی جے پی کے ریاستی صدر ڈاکٹر لکشمن نے کہا کہ تلنگانہ میں بی جے پی ایک طاقتور پارٹی کے طور پر ابھرے گی۔ ڈاکٹر لکشمن نے کہا کہ ٹی آر ایس کے اہم قائدین اور ونود کمار کو بی جے پی نے شکست فاش سے دوچار کیا۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کی قیادت سے بیزار ہوکر قائدین بی جے پی میں شمولیت اختیار کررہے ہیں۔ لکشمن نے ریمارک کیا کہ یہ محض ایک ٹریلر ہے، اصل فلم جلد شروع ہوگی۔ انہوں نے اسمبلی اور سکریٹریٹ کی نئی عمارتوں کی تعمیر پر سخت تنقید کی اور کہا کہ کے سی آر عوامی رقومات کا بیجا استعمال کررہے ہیں۔ ریاست کے خزانے کا تحفظ کرنا ہر کسی کی ذمہ داری ہے۔ کنٹراکٹرس کو فائدہ پہنچانے کے لیے اسمبلی اور سکریٹریٹ کی نئی عمارتیں تعمیر کی جارہی ہیں۔ انہوں نے پیش قیاسی کی کہ ٹی آر ایس آئندہ انتخابات میں زوال سے دوچار ہوگی اور بی جے پی متبادل کے طورپر ابھرے گی۔ لکشمن نے اس بات کا اشارہ دیا کہ دیگر پارٹیوں کے کئی قائدین جلد ہی بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلیں گے۔