نئی دہلی 11جولائی (یو این آئی) مختلف علاقوں میں پسماندہ طبقات کی شراکت بہتر کرنے کا مسئلہ مسلسل اٹھا نے والی کانگریس 25 جولائی کو قومی راجدھانی دہلی میں ‘او بی سی لیڈرشپ پارٹیسپیشن جسٹس کانفرنس’ کا انعقاد کرے گی۔اس کانفرنس میں پارٹی کے سابق صدر اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی بھی شرکت کر سکتے ہیں۔ وہ دیگر پسماندہ طبقات (او بی سی) کی قائدانہ شمولیت کو فروغ دینے کے لیے ذات پات کی مردم شماری کا مسلسل مطالبہ کر رہے ہیں۔ راہول گاندھی کانگریس پارٹی کے اندر پسماندہ طبقات کی سیاسی شمولیت کو بڑھانے کی بات بھی کرتے رہے ہیں۔ اسی سلسلے میں پارٹی کا او بی سی شعبہ 25 جولائی کو نئی دہلی کے تالکٹورہ اسٹیڈیم میں ’’او بی سی لیڈرشپ پارٹیسپیشن جسٹس کانفرنس‘‘کا انعقاد کر رہا ہے ۔ کانفرنس میں ملک بھر سے کانگریس کے لیڈر اور عہدیدار شرکت کریں گے ۔کانفرنس میں شرکت کرنے والے اہم رہنماؤں میں راجستھان کے سابق وزیر اعلی اشوک گہلوت، چھتیس گڑھ کے سابق وزیر اعلی بھوپیش بگھیل، پارٹی کے جنرل سکریٹری سچن پائلٹ اور متعدد دوسرے رہنما شامل ہیں۔پارٹی نے پہلے ہی پسماندہ طبقات کی شمولیت کو بڑھانے اور ان کے لیے انصاف کو یقینی بنانے کے لیے کمیٹی تشکیل دی ہے جس کے کوآرڈینیٹر کانگریس او بی سی شعبہ کے چیئرمین انل جے ہند ہیں۔ کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارمیا، اشوک گہلوت، بھوپیش بگھیل اور سچن پائلٹ بھی اس کمیٹی کے اراکین ہیں۔