نئی دہلی: پرشانت کشور جو کانگریس کے ساتھ طویل بات چیت کے بعد بھی پارٹی میں شامل نہیں ہوئے،انہوں نے اب اس کے بارے میں اہم تبصرہ کیا ہے۔ پرشانت کشور نے کانگریس کے بارے میں کہا ہے کہ اس کے لیڈروں کا ماننا ہے کہ عوام خود حکومت کا تختہ الٹ دیں گے اور انہیں اقتدارملے گا۔ انہوں نے کہاہے کہ کانگریس طویل عرصے سے اقتدار میں رہ چکی ہے اور اسے یہ نہیں معلوم کہ اپوزیشن میں کیسے رہنا ہے۔ انہوں نے کہاہے کہ میں دیکھ رہا ہوں کہ کانگریس کے لوگوں میں مسئلہ ہے۔ ان کا ماننا ہے کہ ہم نے طویل عرصے تک ملک پر حکومت کی ہے اور جب لوگ ناراض ہوں گے تو حکومت گرائیں گے اور پھر ہم آئیں گے۔ وہ کہتے ہیں آپ کو کیا معلوم، ہم سب جانتے ہیں اورطویل عرصے سے حکومت میں ہیں۔ پرشانت کشور نے انڈین ایکسپریس کے پروگرام ای-اڈا میں بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ کانگریس ملک کی اہم اپوزیشن پارٹی ہے، جو کئی دہائیوں سے اقتدار میں ہے۔ لیکن اسے اپوزیشن میں رہنا سیکھنا ہوگا۔