کانگریس ایم ایل اے نے لہسن لے کر اسمبلی کے نزدیک مظاہرہ کیا

   

بھوپال ۔ مدھیہ پردیش قانون ساز اسمبلی کے مانسون اجلاس کے پہلے دن اہم اپوزیشن کانگریس کے ایم ایل اے نے آج کسانوں کو ان کی پیداوار کی مناسب قیمت نہ ملنے کا مسئلہ اٹھاتے ہوئے ایک انوکھا مظاہرہ کیا۔ سابق وزیر زراعت سچن یادو، سابق وزیر کھیل جیتو پٹواری اور دیگر کانگریس ایم ایل اے اپنے ساتھ بوریوں میں لہسن لے گئے ۔ ایم ایل اے نے اسمبلی بلڈنگ کمپلیکس کے ایک مین گیٹ کے باہر سڑک پر لہسن پھیلا کر مظاہرہ کیا۔ سابق وزیر زراعت یادو نے اس موقع پر میڈیا کو بتایا کہ ریاست میں لہسن کے کسانوں کو ان کی پیداوار کی مناسب قیمت نہیں مل رہی ہے ۔ کسانوں کو لہسن ایک روپے کلو میں فروخت کرنا پڑتا ہے ، اس لیے کئی کسانوں نے احتجاجاً لہسن کی فصل سڑکوں پر پھینک دی ہے ۔ یادو نے کہا کہ کانگریس کے ایم ایل اے اس طرح لہسن لے کر کسانوں کی آواز اٹھانے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جہاں پٹرول، ڈیزل، کھانا پکانے کی گیس اور ہر اشیائے ضروریہ مہنگی ہو رہی ہے ، لہسن کے کاشتکاروں کو ان کی پیداوار کی قیمت نہیں مل رہی۔ یہ ان کے ساتھ ظلم ہے ۔ انہوں نے ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ کسانوں سے مناسب قیمت پر لہسن خریدے ۔