نئی دہلی : کانگریس پارٹی نے اتوار کو راجیہ سبھا کے 10 امیدواروں کی فہرست جاری کی۔ اس کے بعد سے کانگریس پارٹی میں تنازعہ برپا ہے۔ ٹکٹوں کی تقسیم سے نالاں پارٹی کے بڑے لیڈروں کا کہنا ہیکہ پارٹی نے دو ہفتے کے اندر ادے پور چنتن شیور میں کئے گئے اعلانات کو توڑ دیا ہے۔ کانگریس نے آئندہ راجیہ سبھا انتخابات کے لئے 7 ریاستوں سے 10 امیدوار کھڑے کئے ہیں۔ اس نے گاندھی خاندان کے مانے جانے والے پی چدمبرم اور جے رام رمیش کو جگہ دی ہے اور واضح طور پر G-23 ممبران جیسے غلام نبی آزاد اور آنند شرما کو ٹکٹ دینے سے انکار کردیا ہے جو گاندھی خاندان کے خلاف آواز اٹھاتے رہے ہیں۔ پارٹی کی جانب سے ٹکٹوں کی تقسیم کو لیکر یہ دلیل دی جارہی ہیکہ محدود تعداد میں لیڈروں کو راجیہ سبھا میں بھیجا جاسکتا ہے وہیں سب کو خوش رکھنا ممکن نہیں۔ ٹکٹوں کی تقسیم سے خوش نہ ہونے والے لیڈروں کا کہنا ہیکہ پارٹی نے ادے پور میں کئے گئے اعلان کی خلاف ورزی کی ہے۔