مانک راؤ ٹھاکرے کا بیان، ریونت ریڈی کے بیان کو توڑمروڑ کر پیش کرنے بی آر ایس پر الزام
حیدرآباد۔/12 جولائی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں کانگریس پارٹی کے انچارج مانک راؤ ٹھاکرے نے اعلان کیا کہ تلنگانہ میں کانگریس برسراقتدار آتے ہی زرعی شعبہ کو 24 گھنٹے مفت برقی سربراہی کا آغاز ہوگا۔ نئی دہلی میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مانک راؤ ٹھاکرے نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر کی قیادت میں بی آر ایس پارٹی برقی سربراہی کے مسئلہ پر عوام کو گمراہ کررہی ہے۔ ریونت ریڈی کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کرتے ہوئے بی آر ایس سیاسی فائدہ اٹھانا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کی مقبولیت سے بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر کے سی آر نے سازش تیار کی ہے۔ مانک راؤ ٹھاکرے نے واضح کیا کہ ورنگل میں راہول گاندھی نے کسانوں کیلئے ڈیکلریشن جاری کیا تھا جس میں 24 گھنٹے مفت سربراہی کا وعدہ کیا گیا۔ کانگریس اپنے وعدہ پر قائم ہے اور برسراقتدار آتے ہی عمل آوری کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کے کرپشن اور بدعنوانیوں کے خلاف عوام فیصلہ سنانے کیلئے تیار ہیں۔ مانک راؤ ٹھاکرے نے کہا کہ ریونت ریڈی نے جو بیان دیا ہے اسے سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا جارہا ہے۔ ریونت ریڈی نے دراصل تلنگانہ میں 8 گھنٹے برقی کی عدم سربراہی کی شکایت کی تھی۔ ٹھاکرے نے کہا کہ تلنگانہ میں کے سی آر کے زوال کا وقت آچکا ہے۔ر