کانگریس برسراقتدار آنے پر برق رفتار ترقی ہوگی: جگاریڈی

   

سنگاریڈی کو اعلیٰ تعلیمی مرکز میں تبدیل کرنے کا عزم ، اپوزیشن میں رہنے کی وجہ حکومت کا تعاون نہیں ، گورنمنٹ کالج کی نئی عمارت کا معائنہ

سنگاریڈی ۔ 26 ستمبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جگا ریڈی رکن اسمبلی سنگاریڈی و ورکنگ پریسیڈنٹ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے گورنمنٹ گرلز جونیر کالج سنگاریڈی کا دورہ کیا اور 4 کروڑ روپیہ کی لاگت سے نوتعمیر شدہ بلڈنگ کا تفصیلی معائنہ کیا اور طالبات سے گفتگو کی۔ جگا ریڈی نے کہا کہ انھوں نے 2018 ء میں اربندو فارماسیوٹیکل لمیٹیڈ کے چیرمین نتیانندا ریڈی سے ملاقات کی اور گورنمنٹ گرلز جونیر کالج سنگاریڈی کی خستہ حال عمارت اور طالبات کے مسائل سے واقف کرواتے ہوئے بتا یا تھا کہ اس کالج میں تلگو، اردو اور انگلش میڈیم کی تقریباً 800 طالبات زیر تعلیم ہیں ، انھیں جدید بلڈنگ و دیگر سہولیات کی سخت ضرورت ہے۔ ان سے جدید بلڈنگ تعمیر کرنے کی خواہش کی جس پر انھوں نے اربندو فارما فاونڈیشن کے ذریعہ 4 کروڑ روپیہ کی لاگت سے بہترین بلڈنگ جو تمام سہولتوں سے لیس ہے تعمیر کروائی جس کے لیے وہ نتیا نندا ریڈی سے اظہار تشکر کرتے ہیں۔ جگا ریڈی نے کہا کہ سنگاریڈی کو نہ صرف حلقہ اسمبلی سنگاریڈی بلکہ ضلع کے مختلف مقامات سے غریب طلباء و طالبات تعلیم حاصل کرنے آتے ہیں چنانچہ ان کی کوشش ہے کہ کہ سنگاریڈی کے گورنمنٹ اسکولس،جونیر کالجس اور ڈگری و پی جی کالجس میں بہترین سہولتوں کے ساتھ اعلیٰ معیاری تعلیم کا نظم ہو اور سنگاریڈی ایک مثالی تعلیمی مرکز میں تبدیل ہوجائے جس کے لیے وہ مسلسل کوشش کر رہے ہیں۔ بائز ہائی اسکول کے لیے 15کروڑ روپئے ، گورنمنٹ ڈگری کالج ویمینس کے لیے 10 کروڑ روپئے ، سداسیو پیٹ و کنڈاپور کے اسکولس و کالجس کے لیے 3 تا 5 کروڑ روپئے کی ضرورت ہے۔ حکومت سے فنڈس کی منظوری اور اجرائی میں تاخیر ہورہی ہے چنانچہ انھوں نے درکار فنڈس کی فراہمی کے لیے حلقہ اسمبلی سنگاریڈی میں موجود فیکٹریز کے انتظامیہ سے ملاقات کرتے ہوے اسکولس و کالجس بلنڈنگ کی تعمیر کے لیے کارپوریٹ سوشل ریسپانسیبلٹی کے تحت فنڈس جاری کرتے ہوے بلڈنگس تعمیر کروانے کی خواہش کی ہے اور انھیں قوی امید ہے کہ مثبت جواب حاصل ہوگا۔ گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول میں ترقیاتی کام ہوئے ہیں تاہم مزید کام کی ضرورت ہے عنقریب دورہ کرتے ہوے وہاں کا بھی جائزہ لیں گے۔ تارا ڈگری کالج سنگاریڈی کو یونیورسٹی میں تبدیل کرنے کی تجویز انھوں نے حکومت کو روانہ کی ہے۔ کورونا وبا کی وجہ سے دو سال ضائع ہوگئے اور وہ اپوزیشن میں رہنے کی وجہ سے حکومت کا تعاون حاصل نہیں ہوا لیکن کانگریس اقتدار میں آتے ہی سنگاریڈی کی ترقی کے لیے درکار تمام اقدامات برق رفتاری سے کرینگے۔ اس موقع پر توپاجی اننت کشن اور حافظ شیخ شفیع رکن بلدیہ کے علاوہ دیگر موجود تھے۔