تقررات کے نام پر کے سی آر دھوکہ دینے کی تیاری میں ، ریونت ریڈی کا الزام
حیدرآباد۔/9 مارچ، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے اعلان کیا کہ آئندہ 12 ماہ میں تلنگانہ میں کانگریس برسراقتدار آنے کے فوری بعد 2 لاکھ جائیدادوں پر تقررات کئے جائیں گے۔ ریونت ریڈی نے پارٹی کی رکنیت سازی مہم کے سلسلہ میں آج شام الوال میں پارٹی قائدین اور کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ 90 ہزار جائیدادوں پر تقررات کا اعلان کرتے ہوئے کے سی آر بے روزگار نوجوانوں کو دھوکہ دے رہے ہیں۔ ان کے اعلانات پر ہرگز بھروسہ نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ ملازمت کیلئے بے روزگار نوجوانوں کو جدوجہد کرنی پڑے گی۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ اگر کے سی آر تقررات میں سنجیدہ ہوتے تو آج ہی اعلامیہ جاری کیا جاتا۔ کے سی آر کو صرف اعلانات سے دلچسپی ہے اور وہ عمل آوری میں یقین نہیں رکھتے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ ریاست میں 1.91 لاکھ مخلوعہ جائیدادیں ہیں لیکن کے سی آر صرف 90 ہزار کا اعلان کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وسط مدتی انتخابات کی تیاریوں کے تحت پرشانت کشور کے اشارہ پر کے سی آر اعلانات کررہے ہیں۔ عوام دھوکہ کو مزید برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے پارٹی کیلئے محنت کرنے والے کارکنوں کو پارٹی ٹکٹ اور اہم عہدوں میں ترجیح دینے کا تیقن دیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں پارٹی کی رکنیت سازی 45 لاکھ ہوچکی ہے اور تلنگانہ ملک میں سرفہرست ہے۔ تلنگانہ میں رکنیت سازی میں مزید اضافہ کیلئے 31 مارچ تک کارکنوں کو مہم چلانی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کارکنوں کو مایوس ہونے کی ضرورت نہیں کیونکہ 50 تا 80 لاکھ ووٹ حاصل کرتے ہوئے 90 نشستوں پر کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر رکن کو 2 لاکھ روپئے انشورنس فراہم کیا جائے گا۔ر