کانگریس ‘تلنگانہ میں ایڈوکیٹ جوڑے کے قتل کو پارلیمنٹ میں اٹھائے گی

   


اتم کمار ریڈی کا اعلان، وکلاء کے ایک روزہ احتجاج میں شرکت، کانگریس امیدواروں کی تائید کی اپیل
حیدرآباد۔ صدرپردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے اعلان کیا کہ حال ہی میں تلنگانہ میں ایڈوکیٹ جوڑے کے بہیمانہ قتل کے معاملہ کو پارلیمنٹ میں موضوع بحث بنائیں گے۔ اتم کمار ریڈی آج دھرنا چوک اندرا پارک پر وکلاء کے احتجاج سے خطاب کررہے تھے۔ ایڈوکیٹ جوڑے کے قتل کے خلاف تلنگانہ کے وکلاء نے ایک روزہ دھرنا منظم کیا ۔ اتم کمار ریڈی نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ پر سخت تنقید کی اور کہا کہ قتل کے معاملہ کی سی بی آئی تحقیقات پر چیف منسٹر خاموش ہیں۔ قتل میں ٹی آر ایس قائد کے ملوث ہونے کے سبب حکومت بچانے کی کوشش کررہی ہے۔ وامن راؤ اور ان کی شریک حیات ناگامنی کو پدا پلی میں 17 فروری کو دن دھاڑے قتل کردیا گیا تھا۔ انہوں نے حیرت کا اظہار کیا کہ ہر مسئلہ پر ردعمل کا اظہار کرنے والے کے سی آر قتل کے سنگین معاملہ پر خاموش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقامی پولیس تحقیقات میں تساہل سے کام لے رہی ہے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ پولیس حکومت کے اشارہ پر خاطیوں کو بچانے کی کوشش کررہی ہے۔ ٹی آر ایس کی زیر سرپرستی ریت مافیا نے علاقہ میں قتل کا بازار گرم کررکھا ہے اور اسی سلسلہ میں ایڈوکیٹ جوڑا قانونی جدوجہد کررہا تھا۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے اس مسئلہ پر گورنر سوندرا راجن سے نمائندگی کرتے ہوئے عدالت کی نگرانی میں سی بی آئی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ پارلیمنٹ کے سیشن میں کانگریس پارٹی اس مسئلہ کو موضوع بحث بنائے گی۔ انہوں نے وکلاء برادری سے اپیل کی کہ کونسل انتخابات میں کانگریس امیدواروں جی چنا ریڈی اور راملو نائیک کے حق میں اپنے ووٹ کا استعمال کریں۔ ٹی آر ایس اور بی جے پی کو شکست دینے کیلئے وکلاء کو اہم رول ادا کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی مرکز میں برسراقتدار آنے کے باوجود وکلاء کے قتل کے معاملہ میں تحقیقات سے گریز کررہی ہے۔ کانگریس کے ایم ایل سی امیدوار ڈاکٹر جی چنا ریڈی اور لیگل سیل کے صدرنشین دامودھر ریڈی نے بھی احتجاجی وکلاء سے خطاب کیا۔