کانگریس جلسہ عام کیلئے مضافاتی علاقہ تکو گوڑہ کا انتخاب

   

پانچ لاکھ افراد کیلئے اسٹیڈیم ناکافی، تنظیمی امور کے جنرل سکریٹری کے سی وینو گوپال کی سینئر قائدین سے مشاورت
حیدرآباد ۔7۔ ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ میں کانگریس کی انتخابی تیاریوں کے سلسلہ میں 16 اور 17 ستمبر کو کانگریس ورکنگ کمیٹی اجلاس اور جلسہ عام کے انتظامات کو قطعیت دے دی گئی ۔ جنرل سکریٹری اے آئی سی سی تنظیمی امور کے سی وینو گوپال نے کل رات دیر گئے پارٹی قائدین کے ساتھ اجلاس میں ورکنگ کمیٹی اجلاس اور جلسہ عام کے مقامات پر تبادلہ خیال کے بعد منظوری دی۔ بتایا جاتا ہے کہ حیدرآباد کے کسی فائیو اسٹار ہوٹل میں ورکنگ کمیٹی کا پہلا اجلاس منعقد ہوگا جبکہ 17 ستمبر کو شہر کے مضافاتی علاقہ تکو گوڑہ میں جلسہ عام منعقد ہوگا۔ کے سی وینو گوپال نے لال بہادر اسٹیڈیم اور گچی باؤلی اسٹیڈیم کا معائنہ کرتے ہوئے جلسہ عام کے لئے ناکافی قرار دیا۔ جلسہ عام میں 5 لاکھ سے زائد افراد کی شرکت کا امکان ہے ، لہذا شمس آباد ایرپورٹ سے 7 کیلو میٹر کی دوری پر واقع تکو گوڑہ میں جلسہ عام کا فیصلہ کیا گیا ۔ جلسہ عام کیلئے 100 ایکر اراضی کا استعمال کیا جائے گا جس میں پارکنگ کیلئے علحدہ گنجائش رہے گی۔ یہ اراضی خانگی افراد کی ہے جنہوں نے جلسہ عام کیلئے دینے سے اتفاق کرلیا ہے ۔ واضح رہے کہ کانگریس نے پریڈ گراؤنڈ پر جلسہ عام کا اعلان کیا تھا لیکن مرکزی حکومت نے 17 ستمبر کو حیدرآباد لبریشن ڈے کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے جس کے نتیجہ میں کانگریس نے لال بہادر اسٹیڈیم اور پھر گچی باؤلی اسٹیڈیم کی تجویز رکھی تھی۔ کے سی وینو گوپال 16 اور 17 ستمبر کے اجلاس کا جائزہ لینے حیدرآباد پہنچے تھے۔ دونوں مقامات کے معائنہ کے بعد انہوں نے 5 لاکھ افراد کے لئے اسٹیڈیم کو ناکافی قرار دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ تکو گوڑہ کی کھلی اراضی پر جلسہ عام کی تیاریوں کا آج سے آغاز ہوچکا ہے۔ تلنگانہ میں انتخابات کے پیش نظر کانگریس کیڈر میں نیا جوش پیدا کرنے کیلئے ورکنگ کمیٹی کا پہلا اجلاس حیدرآباد میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ پارٹی کے تمام قومی قائدین دو دن تک حیدرآباد میں قیام کریں گے اور 18 ستمبر کو سینئر قائدین اسمبلی حلقہ جات میں کارکنوں اور عوام سے ملاقات کرینگے۔ کے سی وینو گوپال کے ساتھ اجلاس میں صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی ، تلنگانہ انچارج مانک راؤ ٹھاکرے ، سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا ، محمد علی شبیر ، مدھو یاشکی گوڑ، دامودر راج نرسمہا ، اتم کمار ریڈی ، اے آئی سی سی سکریٹریز منصور علی خاں ، روہت چودھری ، صدر حیدرآباد ضلع کانگریس کمیٹی سمیر ولی اللہ ، خیریت آباد ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر روہن ریڈی اور دیگر قائدین نے شرکت کی ۔