ریونت ریڈی نے کیا کیا جو ووٹ ملے ؟ بی جے پی نے جوبلی ہلز کے نتائج پر سوال کھڑے کئے
حیدرآباد ۔ 14 نومبر ۔ ( سیاست نیوز) مرکزی وزیر جی کشن ریڈی نے جوبلی ہلز ضمنی انتخاب میں بی جے پی کی شکست پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ عوامی فیصلے کا احترام کریں گے ۔ پارٹی کی شکست کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا ۔ کشن ریڈی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ بی جے پی اسمبلی حلقہ جوبلی ہلز میں روایتی طورپر کمزور ہے وہ اس کا اعتراف کرتے ہیں ۔ آزادی کے بعد سے بی جے پی نے اس حلقہ میں کبھی کارپوریٹر کا انتخاب بھی نہیں جیتا ہے۔ اس مرتبہ بھی بی جے پی نے اپنی طرف سے ہر ممکن کوشش کی مگر حالات ہمارے موافق نہیں تھے ۔ کانگریس نے ضمنی انتخاب میں غیرمنصفانہ طریقے اختیار کئے ۔ کانگریس اپنی محنت اور حکومت کی کارکردگی کی بنیاد پر کامیاب نہیں ہوئی بلکہ مجلس کی حمایت اور پیسوں کے زور پر کامیاب ہوئی ہے ۔ جی کشن ریڈی نے کانگریس کی کامیابی پر چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کے دعوؤں کو مسترد کردیا اور ان سے طنزیہ سوال کیا کہ انھوں نے ایسا کونسا کارنامہ کیا جو عوام اُنھیں ووٹ دیں گے ؟ کامیابی کا اعزاز لینے سے پہلے ریونت ریڈی کو اپنی کارکردگی کا محاسبہ کرنا چاہئے ۔ مرکزی وزیر نے کہاکہ پرانے شہر میں سیاسی توازن ہمیشہ مجلس کے حق میں رہتا ہے اور انتخابات میں کوئی بھی سیاسی جماعت وہاں بہتر مظاہرہ نہیں کرپاتی ۔ جوبلی ہلز میں حکمراں کانگریس اور اصل اپوزیشن بی آر ایس دونوں جماعتوں نے کروڑہا روپئے پانی کی طرح بہائے ہیں۔ سنٹرل الیکشن کمیشن کے ساتھ تلنگانہ حکومت نے تعاون نہیں کیا، اس کی ہم شکایت کریں گے ۔ کشن ریڈی نے کہاکہ بی جے پی نے اپنی ساری توجہ جی ایچ ایم سی انتخابات پر مرکوز کردی ہے ۔ میئر کا عہدہ حاصل کرنے کا نشانہ مختص کرتے ہوئے کام کیا جارہا ہے۔ گزشتہ جی ایچ ایم کے انتخابات میں کانگریس پارٹی کئی مقامات پر ضمانت بھی نہیں بچا پائی ۔ 2