کانگریس جنرل سکریٹری پرینکاگاندھی کا آج دورہ وارناسی

,

   

شہریت ترمیمی قانون کے خلاف احتجاج کے متاثرین سے ملاقات

وارانسی۔9جنوری(سیاست ڈاٹ کام) کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی جمعہ کو وزیر اعظم نریندر مودی کے پارلیمانی حلقے وارانسی کا دورہ کریں گی جہاں وہ شہریت(ترمیمی)قانون کے خلاف احتجاج متاثرین سے ملاقات کریں گی۔پارٹی ذرائع کے مطابق پرینکا دہلی سے طیارے کے ذریعہ جمعہ کی صبح 10:00 بجے وارانسی پہنچیں گی اور اس کے بعد گلیریا کوٹھی اور رام گھاٹ جائیں گی۔کانگریس لیڈر بنارس ہندو یونیورسٹی اور سول سوسائٹی کے اراکین سے تقریبا 11:30 بجے ملاقات کریں گی۔وہ دوپہر 01:00 بجے دہلی واپسی کے لئے وارانسی ائیر پورٹ پہنچ جائیں گی۔کانگریس لیڈر اجے رائے نے جمعرات کو بتایا کہ کانگریس لیڈر وارانسی آکر شہریت ترمیمی قانون کے خلاف ہونے والے احتجاج کے دوران گرفتار ہوکر جیل جانے اور رہا ہونے والے افراد سے ملاقات کریں گی۔انہوں نے بتایا کہ اس بات کے بھی امکانات ہیں کہ پرینکا گاندھی سپروانند سنسکرت یونیورسٹی(ایس ایس پی)کے طلبہ یونین کے نومنتخب ذمہ داران سے بھی ملاقات کریں گی۔بدھ کو ہونے والے انتخابات میں این ایس یو آئی کے امیدواروں نے اے بی وی پی کے امیدواروں کو چاروں سیٹوں پر شکست دی ہے ۔کانگریس لیڈر احتجاج کے بعد جیل بھیجے گئے 59 افراد سے ملاقات کریں گی۔وہ سماجی کارکن جوڑے روی شیکھر اور ایکتا شیکھر کے ساتھ احتجاج کے دوران ہلاک ہونے والے 8 سالہ بچے کے اہل خانہ سے بھی ملاقات کریں گی۔قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل کانگریس لیڈر نے بجنور،لکھنؤ،مظفرنگر اور میرٹھ کا دورہ کر کے احتجاج متأثرین سے ملاقات کرچکی ہیں۔