ایچوڑہ منڈل میں حکومت کی افطار پارٹی، طاہر بن حمدان و دیگر کا خطاب
ایچوڑہ 19 مارچ (جلیل ازہر) حلقہ اسمبلی بوتھ کے ایچوڑہ منڈل میں ریاستی حکومت کی جانب سے دعوت افطار کا اہتمام کیا گیا جس میں بحیثیت مہمان خصوصی صدرنشین اُردو اکیڈیمی ریاست تلنگانہ طاہر بن حمدان نے شرکت کی جبکہ مقامی مہمانان کاپو راؤ سابق رکن پارلیمنٹ، نریش جادو صدر ضلع کانگریس عادل آباد، بھوجا ریڈی ڈی سی سی چیرمین، ساجد خان سابق ڈی سی سی عادل آباد کے علاوہ دیگر شریک تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے طاہر بن حمدان نے کہاکہ ریاستی حکومت کی جانب سے ہر علاقہ میں دعوت افطار کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ کانگریس کی حکمرانی میں اقلیتوں کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لئے کئی ایک اسکیمات روشناس کراتے ہوئے حکومت ٹھوس اقدامات کررہی ہے۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی ریاست کے مسلمانوں کو ہر شعبہ میں ترقی کی سمت لے جانے کا عزم کرچکے ہیں۔ قومی اتحاد کے بغیر ترقی اور خوش حالی کا تصور بھی ایک خام خیال ہے۔ ہمیں چاہئے کہ گنگا جمنی تہذیب کو پروان چڑھائیں۔ یہ افطار کا دستر خوان ہمیں اس بات کا احساس دلاتا ہے کہ ہم سب ایک ہیں۔ یہ افطار کی دعوتیں ہماری قومی یکجہتی کی عملی تصویر ہے کیوں کہ افطار ایک دوسرے کو جوڑتا ہے توڑتا نہیں۔ یہ اتحاد اور یکجہتی کی سب سے بڑی طاقت ہے۔ ایک دوسرے کے مذاہب کا احترام اور ایک دوسرے کے تہواروں اور عیدوں میں شرکت کرتے ہوئے خوشیاں آپس میں بانٹ کر دیکھیں دل کو کتنا سکون ملتا ہے، اسی کا نام انسانیت ہے۔ آج ملک میں چند مٹھی بھر مفاد پرست سیاسی طاقتیں نفرت کے ماحول کو ہوا دے کر فرقہ پرستی کا بیج بونے کی ناکام کوشش کررہی ہیں۔ تاہم کانگریس قائد راہول گاندھی سارے ملک میں اس کے پیغام کو عام کرتے ہوئے ملک میں محبت کو عام کرنے کی جدوجہد کررہے ہیں۔