کانگریس حکومت اقلیت دوست ‘ 3003 کروڑ بجٹ مختص کرنے کا خیرمقدم

   

وقف بورڈ ، حج کمیٹی ، اردو اکیڈیمی ، اقلیتی مالیاتی کارپوریشن ، ٹمریز کے صدورنشین کی مشترکہ پریس کانفرنس
حیدرآباد/26 جولائی ( سیاست نیوز ) اقلیتی اداروں کے صدور نشین نے اقلیتی بجٹ 3003 کروڑ روپئے مختص کرنے کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ریاست میں اقلیت دوست حکومت کا ثبوت دیا ہے جس سے اقلیتوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے ۔ آج وقف بورڈ میں صدرنشین وقف بورڈ سید عظمت اللہ حسینی صدرنشین حج کمیٹی مولانا سید غلام افضل بیابانی ( خسرو پاشاہ ) صدرنشین اردو اکیڈیمی طاہر بن حمدان صدرنشین اقلیتی مالیاتی کارپوریشن عبداللہ کوتوال صدر ٹمریز فہیم قریشی نے پریس کانفرنس سے خطاب میں ان خیالات کا اظہار کیا ۔ ان صدورنشین نے کہا کہ کانگریس میناریٹی ڈیکلریشن میں 4000 کروڑ روپئے اقلیتی بجٹ کا وعدہ کیا گیا تھا ۔ کانگریس عہد کی پابند ہے ۔ اقلیتوں سے جتنے وعدے کئے گئے ان کو پورا کیا جائے گا ۔ کانگریس حکومت کے پہلے مکمل بجٹ میں اس کی جھلک دیکھنے کو مل گئی ہے ۔ بی آر ایس کی حکومت نے سال 2023-24 کیلئے 2,200.33 کروڑ روپئے اقلیتی بجٹ منظور کیا تھا ۔ 2,125.08 کروڑ روپئے جاری کئے گئے ۔ 1,755,29 کروڑ روپئے خرچ کئے گئے ۔ ڈسمبر تک بی آر ایس حکومت نے صرف 1100 کروڑ روپئے جاری کئے ۔ کانگریس حکومت کی تشکیل 7 ڈسمبر 2023 سے 31 مارچ 2024 تک ریونت ریڈی نے چار ماہ میں 600 کروڑ روپئے خرچ کئے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں اقلیتی بجٹ تاریخی کارنامہ ہے ۔ مرکزی حکومت نے 2024-25 بجٹ میں اقلیتوں کیلئے صرف 3188 کروڑ روپئے مختص کئے ہیں جو سارے ملک کی اقلیتوں کیلئے ہے ۔ اس میں گذشتہ سال سے صرف 65 کروڑ روپئے کا اضافہ کیا ہے ۔ جبکہ تلنگانہ میں ریونت ریڈی حکومت نے پہلے مکمل بجٹ میں اقلیتوں کیلئے بجٹ میں 3003 کروڑ فراہم کئے جو لگ بھگ مرکزی اقلیتی بجٹ کے برابر ہے ۔ کانگریس حکومت کی تشکیل کے بعد چیف منسٹر ریونت ریڈی اور ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے اقلیتی بجٹ میں پہلے سال ہی 800 کروڑ کا اضافہ کردیا ہے جو قابل ستائش ہے ۔ بی آرا یس حکومت میں 2023-24 میں وقف بورڈ کو 67.78 کروڑ کا بجٹ مختص کیا گیا تھا ۔ جبکہ کانگریس حکومت نے 2024-25 میں 120 کروڑ کا بجٹ مختص کیا ۔ بی آر ایس نے اقلیتی اقامتی اسکولس کیلئے 2023-24 میں 783.90 کروڑ کا بجٹ مختص کیا تھا جبکہ کانگریس نے 2024-25 کیلئے ٹمریز کو 951.38 کروڑ کا بجٹ مختص کیا ہے ۔ بی آر ایس نے 2023-24 میںحج کمیٹی کو 2 کروڑ کا بجٹ مختص کیا تھا ۔ جبکہ کانگریس نے 2024-25 کیلئے 6 کروڑ کا بجٹ مختص کیا ہے ۔ بی آر ایس نے 2023-24 میں اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کیلئے 273.78 کروڑ مختص کئے جبکہ کانگریس نے 2024-25 کیلئے اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کو 480 کروڑ کا بجٹ مختص کیا ہے ۔ بی آر ایس میں اردو اکیڈیمی کیلئے 2023-24 میں 14.19 کروڑ مختص تھے جبکہ کانگریس نے 2024-25 میں اردو اکیڈیمی کیلئے 19.42 کروڑ روپئے مختص کئے ۔ اس کے علاوہ حکومت کی 6 گیارنٹیز و دیگر اسکیمات میں اقلیتوں کو برابر کا حصہ دار بنایا جارہا ہے ۔ بی آر ایس نے ریاست کا دیوالیہ نکال دیا اور 7 لاکھ کروڑ روپئے کا مقروض کردیا ۔ جس کی وجہ سے کانگریس پہلے سال اقلیتی بجٹ 4 ہزار کروڑ روپئے نہیں کرپائی مگر آئندہ دنوں میں اقلیتی بجٹ میں اضافہ کے ساتھ دیگر تمام وعدوں پر عمل کیا جائیگا۔ 2