کانگریس حکومت انتقامی سیاست پر یقین نہیں رکھتی: وینکٹ ریڈی

   

قانون کے مطابق کارروائی ہوگی، ریاستی وزیر نے اقامتی اسکول کے تعمیری کاموں کا جائزہ لیا

حیدرآباد ۔ 10 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) وزیر عمارات و شوارع کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہا کہ کانگریس حکومت انتقامی سیاست پر یقین نہیں رکھتی اور بدعنوانیوں کے سلسلہ میں قصوروار افراد کے خلاف قانون اپنا کام کرے گا۔ وینکٹ ریڈی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سابق بی آر ایس حکومت نے جو بے قاعدگیاں کی ہیں، ان کی تحقیقات کی جارہی ہے ۔ پی سی گھوش کمیشن نے کالیشورم پراجکٹ میں بے قاعدگیوں پر رپورٹ پیش کردی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کالیشورم کے علاوہ فارمولہ ای ریسنگ معاملہ میں تحقیقاتی رپورٹ کی بنیاد پر کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ قانون سے کوئی بالاتر نہیں ہے اور قانون سب کے لئے برابر ہے ۔ وینکٹ ریڈی نے نلگنڈہ میں ینگ انڈیا انٹیگریٹیڈ اقامتی اسکول کے تعمیری کام مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ انہوں نے تعمیری کاموں کا جائزہ لیا اور عہدیداروں سے تفصیلات حاصل کیں۔ نلگنڈہ ہیڈ کوارٹر پر حکومت کی جانب سے عصری سہولتوں سے آراستہ اقامتی اسکول 25 ایکر اراضی پر تعمیر کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسکول میں معیاری تعلیم کے علاوہ کھیل کود کی سہولتیں حاصل رہیں گی۔ وینکٹ ریڈی نے کامپلکس کی مختلف عمارتوں کے ڈیزائن کا جائزہ لیتے ہوئے تجاویز پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ 9 ماہ میں تعمیری کام مکمل کرلئے جائیں۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ 105 اسمبلی حلقہ جات میں انٹیگریٹیڈ اقامتی اسکولوں کی تعمیر کا منصوبہ ہے۔ اس سلسلہ میں مرکزی حکومت سے فنڈس حاصل کرنے کیلئے مرکزی وزیر فینانس نرملا سیتا رامن سے چیف منسٹر نے نمائندگی کی۔1