کانگریس حکومت بنکاچرلہ پراجکٹ کی مخالف : اتم کمار ریڈی

   

رکن اسمبلی ہریش راؤ عوام کو گمراہ کرنے حکومت پر جھوٹے اور بے بنیاد الزامات عائد کرنے کا الزام
حیدرآباد۔ 11 اکتوبر (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی نے کہا کہ بنکاچرلہ پراجٹ پر بی آر ایس رکن اسمبلی ہریش راؤ جھوٹی اور بے بنیاد افواہیں پھیلارہے ہیں۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ حکومت پراجکٹ کی مخالف ہے۔ مرکز سے نمائندگی کی گئی ہے لیکن صرف سیاسی فائدہ حاصل کرنے اور حکومت کو بدنام کرنے ہریش راؤ بے بنیاد الزامات عائد کررہے ہیں۔ پراجکٹ کی رکاوٹ کیلئے حکومت ہر ممکن کوشش کررہی ہے۔ ہماری شکایت مرکز کے پاس زیر غور ہے۔ الماٹی پراجکٹ کی بلندی میں اضافہ کی بھی کانگریس حکومت خلاف ہے۔ آندھرا پردیش میں تلگودیشم اور مہاراشٹرا میں بی جے پی حکومت ہے ان سے ہمارا کوئی تعلق نہیں ہے لیکن ہم تلنگانہ حقوق کیلئے اپنی لڑائی جاری رکھے ہوئے ہیں۔ دریائے کرشنا اور گوداوری کے پانی میں تلنگانہ کا حصہ حاصل کرنے ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے۔ بحیثیت وزیر آبپاشی وہ اس میں پوری توجہ دے رہے ہیں۔ مرکزی حکومت، ٹریبیونل اور سپریم کورٹ میں ہم ہماری بات رکھ رہے ہیں۔ سابق بی آر ایس حکومت کے غلط فیصلوں سے تلنگانہ کو پانی کے حصول میں ناانصافی کا سامنا ہے۔ دریائے کرشنا میں تلنگانہ کا حصہ 299 ٹی ایم سی اور آندھرا کا حصہ 512 ٹی ایم سی ہونے سے سابق چیف منسٹر کے سی آر اور اس وقت کے وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے اتفاق کیا تھا جس سے تلنگانہ کو نقصان ہو رہا ہے۔ بی آر ایس کے قائدین اپنی غلطیوں کو تسلیم کرنے کی بجائے عوام کو گمراہ کرنے کے لئے کانگریس حکومت کے خلاف جھوٹے و بے بنیاد الزامات عائد کررہی ہے۔ 2