سماج کا کوئی بھی طبقہ مطمئن نہیں، ناکامیوں کو چھپانے 99 دن کا سیاسی ڈرامہ کہا جارہا ہے
حیدرآباد۔ 7 مارچ (سیاست نیوز) بی آر ایس کے رکن اسمبلی سابق وزیر ٹی ہریش راؤ نے چیف منسٹر ریونت ریڈی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس حکومت ریاست میں ترقی نہیں بلکہ تباہی لارہی ہے۔ عوام اور کسانوں کے مسائل کو نظرانداز کیا جارہا ہے۔ متحدہ ضَع کریم نگر کے چپہ ڈنڈی اسمبلی حلقہ میں بی آر ایس کارکنوں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ ہریش راؤ نے کہا کہ سابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے 9 سالہ دور حکومت میں ریاست ترقی کی راہ پر گامزن تھا۔ انہوں نے ملک کو دکھایا کہ ترقی کیا ہوتی ہے لیکن کانگریس کے دور حکومت میں صرف تباہی کے علاوہ کچھ نظر نہیں آرہا ہے۔ ہریش راؤ نے الزام لگایا کہ حیدرآباد میں ہائیڈرا اور موسی بیوٹیفکیشن کے نام پر ریئل اسٹیٹ کے مفادات کے لئے غریبوں کے مکانات مسمار کئے جارہے ہیں جس سے عوامی زندگی متاثر ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو شخص تعمیر نہیں کرسکتا اسے منہدم کرنے کا حق کیسے دیا جاسکتا ہے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ کانگریس حکومت چھ ضمانتوں کے ساتھ 420 وعدوں کو پورا نہ کرتے ہوئے عوام کو دھوکہ دیا ہے۔ کے سی آر کے دور حکومت میں زراعت کو تہوار بنایا گیا تھا آج ریونت ریڈی کی حکومت میں کسان مشکلات کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس کے دور حکومت میں کورونا جیسے مشکل وقت میں بھی کسانوں کو ریتو بندھو جیسی اسکیمات کے ذریعہ مدد فراہم کی گئی جبکہ موجودہ حکومت کسانوں کے مسائل پر توجہ نہیں دے رہی ہے۔ حکومت کے 99 دن ایکشن پلان پر بھی ہریش راؤ نے تنقید کرتے ہوئے اس کو نیا سیاسی ڈرامہ قرار دیا اور کہا کہ حکومت کی کارکردگی سے عوام مطمئن نہیں ہیں ناکامیوں کو چھپانے کے لئے ایک نیا سیاسی ڈرامہ شروع کیا جارہا ہے۔ 2