کانگریس حکومت عوام کی توقعات کو پورا کررہی ہے: پونم پربھاکر

   

چارمینار اتحاد کی علامت : عامر علی خان، پرانے شہر میں حکومت کے ایک سالہ جشن کا پروگرام
حیدرآباد ۔ 7 ڈسمبر (سیاست نیوز) ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ و بی سی ویلفیر پرنم پربھاکر نے کہا کہ کانگریس حکومت عوامی توقعات کے مطابق کام کررہی ہے۔ اپوزیشن جماعتیں بی آر ایس اور بی جے پی ایک دوسرے سے خفیہ سازباز کرتے ہوئے حکومت کے خلاف سازش کررہی ہیں۔ ترقیاتی کاموں میں رکاوٹیں پیدا کررہی ہیں۔ فلاحی اسکیمات سے عوام کو محروم کرنے کی کوشش کررہی ہیں۔ کانگریس حکومت کے ایک سال کی تکمیل پر چارمینار کے دامن میں منعقدہ جشن پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر کانگریس کے رکن راجیہ سبھا انیل کمار یادو، رکن قانون ساز کونسل عامر علی خان، رکن اسمبلی ڈی ناگیندر، لائبریری کمیٹی کے صدرنشین محمد ریاض، کانگریس اسمبلی حلقہ چارمینار کے انچارج مجیب اللہ شریف ایڈوکیٹ، پی راجیش کمار، بی ناگیش، کے روی راج، موسیٰ قاسم، شمیم آغا، حیدر جعفری، عسکر علی بیگ، اسلم شریف کے علاوہ دوسرے موجود تھے۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ بی آر ایس کے 10 سالہ دورحکومت میں تلنگانہ کو پوری طرح نظرانداز کیا گیا۔ تمام شعبے بحران کا شکار ہوگئے۔ سماج کے تمام طبقات کو دھوکہ دیا گیا۔ کے سی آر کے خاندان نے تلنگانہ کو لوٹ لیا۔ کانگریس حکومت نے اپنے پہلے سال میں بیشتر اہم وعدوں کو عملی جامہ پہنادیا۔ حکومت کے پاس مزید چار سال باقی ہے، جو بھی وعدے کئے گئے ہیں ان تمام وعدوں کو پورا کیا جائے گا۔ ریاست میں ذات پات کا سروے جاری ہے۔ مستقبل میں فلاحی اسکیمات سے ان سروے رپورٹ کی بنیاد پر فائدہ پہنچایا جائے گا۔ پرنم پربھاکر نے بی جے پی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ۔ مرکزی وزراء جی کشن ریڈی اور بنڈی سنجے کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ دونوں مرکزی وزراء مرکز سے فنڈس لانے میں ناکام ہوگئے۔ مرکزی بجٹ میں تلنگانہ کو نظرانداز کیا گیا۔ سیلاب متاثرین کو امداد دینے کے معاملے میں ٹال مٹول کا مظاہرہ کیا جارہا ہے۔ بی آر ایس اور بی جے پی ایک دوسرے سے سازباز کرتے ہوئے تلنگانہ میں ترقیاتی کاموں میں رکاوٹیں پیدا کررہی ہیں۔ کانگریس کے رکن قانون ساز کونسل عامر علی خان نے کہا کہ حیدرآباد کا تاریخی چارمینار ہندو، مسلم، سکھ، عیسائی طبقات میں اتحاد کی علامت ہے اور ساتھ ہی چارمینار حیدرآباد کی شان کے ساتھ شرافت کی بھی علامت ہے۔ بی آر ایس کے 10 سالہ دورحکومت میں میٹھی باتیں کرتے ہوئے معصوم عوام کو دھوکہ دیا گیا ہے۔ حکومت کی تبدیلی کے بعد ریاست میں سماجی انصاف کے دور کا آغاز ہوگیا ہے۔ اقلیتی بجٹ تین ہزار کروڑ روپئے سے زیادہ منظور کیا گیا ہے۔ تلنگانہ میں کانگریس حکومت سماجی انصاف کرے گی۔ پہلے سال کئی عملی اقدامات کرتے ہوئے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے آئندہ چار سال کی منصوبہ بندی کو واضح کردیا ہے۔ انہیں امید ہے جن توقعات سے عوام نے کانگریس حکومت پر بھروسہ کیا ہے، حکومت عوام کی توقعات کو پورا کرے گی۔ کانگریس کے رکن راجیہ سبھا انیل کمار یادو نے کہا کہ کانگریس کی حکومت امیدوں کے بجائے غریبوں کے مفادات کیلئے کام کررہی ہے۔ رکن اسمبلی ڈی ناگیندر نے کہا کہ کانگریس حکومت کی ایک سالہ کارکردگی سے سماج کے تمام طبقات مطمئن ہیں۔2