سال میں دو لاکھ ملازمتیں ، خواتین کو ماہانہ ڈھائی ہزار روپئے اوربیروزگاری بھتہ کے وعدے فراموش: کے ٹی آر
حیدرآباد ۔3 ۔ فروری (سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے 6 ضمانتوں میں سے اہم ضمانت روزگار کی فراہمی سے انحراف کرنے کا چیف منسٹر ریونت ریڈی پر الزام عائد کیا۔ تلنگانہ بھون میں آج پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ اسمبلی انتخابات سے قبل کانگریس پارٹی نے 6 ضمانتوں اور 420 وعدے کرتے ہوئے عوام کو ہتھیلی میں جنت دکھائی۔ ریونت ریڈی نے کہا تھا کہ اقتدار حاصل ہوتے ہی پہلے سال دو لاکھ ملازمتیں فراہم کی جائیں گی ۔ دو سال مکمل ہونے کے باوجود حکومت اپنے وعدوں کو نبھانے میں پوری طرح ناکام ہوچکی ہے۔ ہر سال جاب کیلینڈ جاری کرنے کا وعدہ کیا گیا لیکن یہ وعدہ بھی پورا نہیں ہوا۔ کانگریس پارٹی نے تلنگانہ کے عوام بالخصوص بیروزگار نوجوانوں کی تائید حاصل کرنے کیلئے دہلی سے پرینکا گاندھی کو انتخابی مہم میں طلب کرتے ہوئے ان کے ذریعہ پہلے سال میں دو لاکھ ملازمتیں دینے کا وعدہ کیا۔ جب بیروزگار نوجوانوں نے کانگریس پر بھروسہ کیا تھا، ریونت ریڈی حکومت نے ان کے بھروسہ کو توڑدیا ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ کانگریس کی حکومت میں 65 ہزار ملازمتیں جو دی گئی ہیں، اس کا نوٹیفکیشن اور امتحانات بی آر ایس کے دور حکومت میں ہی منعقد ہوئے تھے ، صرف تقررات نامے حوالے کرتے ہوئے کانگریس حکومت اس کو اپنا کارنامہ قرار دینے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے دو سالہ دور حکومت میں 10 ہزار ملازمتوں کیلئے بھی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا ۔ کانگریس کا جاب کیلینڈر جاب لیس کیلینڈر میں تبدیل ہوگیا۔ ملازمتوں کی فراہمی میں ناکامی پر نوجوانوں میں کانگریس حکومت کے خلاف برہمی پائی جاتی ہے اور یہی ناراضگی کانگریس کو بلدی انتخابات میں لے ڈوبے گی۔ کے ٹی آر نے کہا کہ خواتین کو ماہانہ 2500 روپئے دینے کا وعدہ بھی پورا نہیں ہوا۔بیروزگار نوجوانوں کو 4000 روپئے بیروزگاری بھتہ بھی نہیںدیا جارہا ہے ۔ غریب لڑکیوں کی شادی میں ایک تولہ سونا بطور تحفہ فراہم کرنے کا وعدہ بھی پورا نہیں کیا گیا ہے، لہذا وہ عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ بلدی انتخابات میں کانگریس پارٹی کو شکست دیتے ہوئے انہیں وعدوں پر عمل کرنے کیلئے سوچنے پر مجبور کردیں۔2