کوئی بھی انتخابی وعدہ کی عدم تکمیل ، تلنگانہ بھون میں ہریش راؤ کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 28 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : بی آر ایس کے رکن اسمبلی و سابق ریاستی وزیر ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے اسکول جانے والے طلبہ سے پنشن حاصل کرنے والے معمرین کو تک دھوکہ دیا ہے ۔ تلنگانہ بھون میں آج ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ کانگریس حکومت سے سماج کا کوئی بھی طبقہ خوش نہیں ہے ۔ ریاست کے ہر ضلع میں احتجاج ہورہا ہے ۔ ملازمین ، بیروزگار نوجوان ، طلبہ ، کسان ، خواتین کے علاوہ دیگر شعبوں سے وابستہ افراد اپنے مطالبات کی یکسوئی اور مسائل کو حل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج کررہے ہیں ۔ کانگریس پارٹی نے اسمبلی انتخابات میں عوام سے ڈھیر سارے وعدے کئے اقتدار حاصل کرنے کے بعد ان وعدوں کو فراموش کردیا گیا ۔ بی آر ایس پارٹی اپوزیشن کا تعمیری رول ادا کررہی ہے ۔ عوامی مسائل پر پرامن احتجاج کررہی ہے ۔ حکومت اصل موضوعات سے توجہ ہٹانے کے لیے ضمنی مسائل کو منظرعام پر لاتے ہوئے عوام کو گمراہ کررہی ہے اور احتجاج کرنے والوں پر ظلم و ستم ڈھا رہی ہے ۔ بالخصوص بی آر ایس پارٹی کے قائدین کو نشانہ بنایا جارہا ہے ۔ جھوٹے مقدمات درج کرتے ہوئے ڈرانے دھمکانے کی کوشش کررہی ہے ۔ مگر بی آر ایس پارٹی اور اس کے قائدین ہرگز خوفزدہ نہیں ہوں گے بلکہ اپنے احتجاج میں مزید شدت پیدا کریں گے ۔ ہریش راؤ نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کو ویژن سے عاری قرار دیا ۔ کسانوں کے قرض معاف نہ کرنے پر احتجاجی مہم شروع کرنے پر اس اہم موضوع سے توجہ ہٹانے کے لیے حکومت نے موسیٰ ندی پراجکٹ منظر عام پر لایا ۔ موسیٰ ندی کی خوبصورتی کے نام پر بڑے پیمانے کی بدعنوانی کی جارہی ہے ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ بی آر ایس پارٹی موسیٰ ندی کو ترقی دینے کے خلاف نہیں ہے ۔ ترقی کے نام پر عوام کو گھروں سے بیدخل کرنے کے خلاف ہے ۔۔ 2