جمی کنٹہ منڈل میں چیک ڈیم کے معائنہ کے بعد سنگین الزامات عائد کئے
حیدرآباد 25 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز) : بی آر ایس رکن اسمبلی سابق وزیر ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ کانگریس حکومت میں انہدام اور دھماکے عام ہوگئے ہیں ۔ ہریش راؤ کی قیادت میں بی آر ایس کے ایک وفد نے آج ضلع کریم نگر کے جمی کنٹہ منڈل تنگولا مانیر ندی پر منہدم ہونے والے چیک ڈیم کا معائنہ کیا ۔ بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس حکومت میں دھماکے عام بات ہوگئی ہے ۔ ریونت ریڈی حکومت ریت مافیا کی مکمل حوصلہ افزائی کررہی ہے ۔ اوڈیلا اور جمی کنٹہ کے درمیان 24 کروڑ کے مصارف سے تعمیر چیک ڈیم کو دھماکے سے اڑا دیا گیا ۔ مقامی ماہی گیروں کا کہنا تھا رات تک سب کچھ ٹھیک تھا ۔ جب صبح دیکھا تو چیک ڈیم منہدم ہوگیا تھا ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ ریت مافیا ریت کی غیر قانونی منتقلی کیلئے چیک ڈیم کو منہدم کردیا ہے ۔ ماضی میں حسین میاں ندی پر بھی ایسا ہی ایک واقعہ پیش آیا تھا ۔ لیکن آج تک اس واقعہ پر کوئی ایف آئی آر درج نہیں کیا گیا ۔ ایسا لگتا ہے ریت مافیا کو حکومت کی حمایت حاصل ہے جس کی وجہ سے ان کے خلاف پولیس کوئی کارروائی نہیں کررہی ہے ۔ دو گاؤں کے کسان شکایت کرنے کے باوجود پولیس نے کوئی کارروائی نہیں کی ۔ ہریش راؤ نے چیک ڈیم منہدم کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔ بی آر ایس رکن اسمبلی نے کہا کہ حکومت عوام کی فلاح و بہبود اور ریاست کی ترقی کیلئے خدمات کی بجائے غنڈہ عناصر ، غیر سماجی سرگرمیوں میں ملوث ہونے والے افراد کی حوصلہ افزائی کررہی ہے ۔۔ 2