کانگریس حکومت میں خواتین سے ناانصافی

   

تلنگانہ جاگرتی خواتین کارکنوں سے ایم ایل سی کویتا کا خطاب
نظام آباد ۔11 فبروری ۔ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) بی آر ایس ایم ایل سی اور تلنگانہ جاگروتی صدرکے کویتا نے خبردار کیا ہے کہ اگر کانگریس پارٹی نے خواتین سے کئے گئے وعدوں کو پورا نہیں کیا تو عوامی سطح پر سخت جدوجہد کی جائے گی۔ ایم ایل سی کویتا نے تلنگانہ جاگریتی کے خواتین ونگ کے کارکنوں کے ساتھ اپنی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس دوران خواتین سے کیے گئے وعدوں پر حکومت پر دباؤ ڈالنے کے حوالے سے بات چیت تفصیلی طور پر تبادل خیال کیا گیا۔ایم ایل سی کویتا نے کہا کہ کے سی آر کی حکومت میں خواتین کو اولین ترجیح دی گئی تھی۔لیکن ریونت ریڈی خواتین کے ساتھ ناانصافی کر رہے ہیں۔ کانگریس نے ہر خاتون کو ماہانہ 2500 روپے دینے کا وعدہ کیا تھا۔ مگر 14 ماہ گزرنے کے باوجود ابھی تک اس پر عمل نہیں کیا گیا۔14 مہینے کے حساب سے حکومت 35,000 روپے خواتین کو مقروض ہوچکی ہے۔عالمی یومِ خواتین سے پہلے یہ وعدہ پورا کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کلیانہ لکشمی کے ساتھ ایک تولہ سونا دینے کا وعدہ اور ہر لڑکی کو مفت اسکوٹی دینے کا وعدہ کہاں گیا؟ صرف بسوں میں مفت سفر کی سہولت دے کر باقی تمام اسکیموں کو نظرانداز کر دیا گیا ہے۔اندراما ہاؤسنگ اسکیم کے تحت خواتین کو مکانات دینے کا وعدہ کیا گیا تھا۔ مگر اس پر کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔ انہوں نے حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر کانگریس حکومت وعدے پورے نہ کرے تو وہ عوامی تحریک شروع کریں گی۔