کانگریس حکومت میں 10 ماہ میں 50 ہزار سے زائد جائیدادوں پر تقررات : سریدھر بابو

   

اسکل یونیورسٹی کے ذریعہ نوجوانوں کی ٹریننگ، سرکاری یونیورسٹیز میں روزگار پر مبنی تربیت کا فیصلہ، صحت اور تعلیم اولین ترجیح
حیدرآباد 25 اکتوبر (سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی سریدھر بابو نے کہا کہ محبوب نگر ضلع میں دو اڈوانسڈ ٹیکنیکل سنٹرس قائم کئے جارہے ہیں۔ سریدھر بابو نے آج محبوب نگر ٹاؤن میں آئی ٹی آئی میں اڈوانسڈ ٹریننگ سنٹر کی عمارت کا سنگ بنیاد رکھا ۔ اس موقع پر خطاب میں سریدھر بابو نے کہا کہ پالمور میں اسکل یونیورسٹی کا شعبہ قائم کرکے طلبہ کو مختلف کورسس میں معیاری ٹریننگ کے اہتمام کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں میں مختلف ٹیکنیکل کورسس اور روزگار پر مبنی کورسس کی ٹریننگ کیلئے حکومت نے اسکل یونیورسٹی قائم کی۔ یونیورسٹی سرگرمیوں کا عنقریب آغازہوگا اور ریاست کے مختلف علاقوں میں یونیورسٹی کے مراکز قائم کئے جائیں گے۔ سریدھر بابو نے کہا کہ سابق بی آر ایس حکومت نے یونیورسٹیز کو نظر انداز کردیا تھا جس کے نتیجہ میں تعلیمی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکومت نے وائس چانسلرس کے تقررات بھی نہیں کئے۔ یونیورسٹیز میں بہتر تعلیمی سہولتوں کیلئے کانگریس حکومت نے وائس چانسلرس کا تقرر عمل میں لایا ہے ۔ بی آر ایس نے 10 برسوں کی حکمرانی میں 40 ہزار جائیدادوں پر تقررات نہیں کئے تھے جبکہ کانگریس حکومت نے صرف 10 ماہ میں 50,000 سے زائد جائیدادوں پر تقررات مکمل کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گروپ I امتحانات میں رکاوٹ پیدا کرنے کیلئے بی آر ایس نے امیدواروں کو مشتعل کرنے کی کوشش کی لیکن یہ کوششیں ناکام ثابت ہوئیں۔ سریدھر بابو نے کہا کہ کانگریس حکومت تعلیم اور صحت کے شعبہ جات پر اولین ترجیح دے رہی ہے تاکہ نوجوانوں کو بہتر تعلیم کے علاوہ غریبوں کو علاج کی عصری سہولتیں فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری یونیورسٹیز میں خصوصی مراکز قائم کرتے ہوئے مختلف صنعتوں میں نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کئے جائیں گے۔ ٹاٹا ٹکنالوجیز کی نگرانی میں ٹریننگ کا اہتمام کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ 33 مختلف کورسس میں ٹریننگ کے اہتمام کا منصوبہ ہے۔ بی اے ، بی کام کی تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کو بینکنگ اور فینانس کورسس میں تربیت دیتے ہوئے روزگار کے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت طلبہ اور نوجوانوں کے مستقبل کو تابناک بنانے کا منصوبہ رکھتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ محبوب نگر دراصل چیف منسٹر ریونت ریڈی کا ضلع ہے اور یہاں نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ 1