بی جے پی حکومت کی تلنگانہ سے ناانصافی، ریاستی وزیر پونم پربھاکر کا الزام
حیدرآباد۔/28 اپریل، ( سیاست نیوز) وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر ریڈی نے کہا کہ کانگریس حکومت نے اقتدار کے چار ماہ میں 6 ضمانتوں پر عمل آوری کا آغاز کردیا ہے۔ سدی پیٹ ضلع کے کوہیڈا میں بی آر ایس سے تعلق رکھنے والے سابق سرپنچوں، ایم پی ٹی سی ارکان اور دوسروں نے کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پونم پربھاکر نے کہا کہ کانگریس حکومت کی جانب سے وعدوں پر عمل آوری کی صورت میں مقابلہ سے دستبردار ہونے کا بنڈی سنجے نے اعلان کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ مرکز میں بی جے پی گذشتہ دس برسوں سے برسراقتدار ہے لیکن تلنگانہ کے ساتھ مسلسل ناانصافی کی گئی اور ایک بھی وعدہ کو پورا نہیں کیا گیا۔ انہوں نے بنڈی سنجے کو چیلنج کیا کہ اگر مرکز کی جانب سے وعدوں پر عمل آوری ثابت کی جائے تو کانگریس امیدوار کو مقابلہ سے دستبردار کرالیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے وعدہ کے مطابق 6 ضمانتوں پر عمل آوری کا آغاز کردیا ہے۔ خواتین کیلئے ماہانہ 2500 روپئے کی امداد اور آسرا پنشن کی رقم میں 4 ہزار روپئے اضافہ کیا جائے گا۔ بے گھر خاندانوں کو مکان کی تعمیر کیلئے 5 لاکھ روپئے، کسانوں کو 2 لاکھ روپئے تک قرض معافی اور زرعی مزدوروں کو سالانہ 15 ہزار روپئے کی امداد پر عمل کیا جائے گا۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ بنڈی سنجے اپنے چیلنج سے منہ موڑ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے وعدوں کی تکمیل ثابت کرنے پر کیا بنڈی سنجے 17 حلقوں سے اپنے امیدوار دستبردار کرانے تیار ہیں؟ ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کارکردگی سے متاثر ہوکر بی آر ایس سے مجالس مقامی کے عوامی نمائندے کانگریس میں شمولیت اختیارکررہے ہیں۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ کریم نگر لوک سبھا حلقہ میں کانگریس پارٹی بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی۔1