تلنگانہ کیلئے کے ٹی آر اور کویتا کی کوئی قربانیاں نہیں، 9 ڈسمبر کو سونیا گاندھی کی سالگرہ تقاریب، صدر پردیش کانگریس کمیٹی مہیش کمار گوڑ کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔6۔ڈسمبر (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ بی آر ایس کے دس سالہ دور حکومت میں 50 ہزار ملازمتوں پر تقررات کئے گئے جبکہ کانگریس نے 9 ماہ میں 50 ہزار سے زائد سرکاری ملازمتوں پر تقررات کرکے بیروزگار نوجوانوں سے وعدہ کی تکمیل کی ہے ۔ گاندھی بھون میں ارکان قانون ساز کونسل جناب عامر علی خاں اور بی وینکٹ کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے ریونت ریڈی حکومت کی ایک سالہ کارکردگی کے جشن کو حق بجانب قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ایک سال میں کانگریس حکومت نے کئی شعبہ جات کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا ہے ۔ پرجا پالنا کے ایک سال کی تکمیل پر عوامی جشن کا انعقاد عمل میں آئے گا ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اقتدار پر آنے کے بعد سرکاری دواخانوں میں طبی سہولتوں میں بہتری پیدا ہوئی ہے۔ 10 سالہ بی آر ایس حکمرانی بدعنوانیوں اور بے قاعدگیوں سے پر رہی۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ کے ٹی آر تلنگانہ میں دوبارہ اقتدار کا دن میں خواب دیکھ رہے ہیں۔ تلنگانہ میں بی آر ایس کا باب ختم ہوچکا اور دوبارہ اقتدار کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ لاکھوں کروڑ روپئے کی بے قاعدگی میں ملوث افراد کو عوام دوبارہ اقتدار نہیں دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ تہذیب کی عکاسی کرتے ہوئے مجسمہ تلگو تلی تیار کیا گیا ہے جس کی 9 ڈسمبر کو نقاب کشائی عمل میں آئے گی۔ سکریٹریٹ کے روبرو راجیو گاندھی کے مجسمہ کو برسر اقتدار آنے پر نکال دینے سے متعلق کے ٹی آر کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے سوال کیا کہ کیا کے ٹی آر راجیو گاندھی کی خدمات سے واقف نہیں ہیں ؟ ملک کیلئے راجیو گاندھی اور اندرا گاندھی نے جانوں کی قربانی دی ۔ ایسے افراد پر تنقید کا کے ٹی آر کو حق نہیں ہے۔ انہوں نے کے ٹی آر سے سوال کیا کہ تلنگانہ کیلئے ان کی قربانیوں سے عوام کو واقف کرائیں؎ ۔ انہوں نے کہا کہ 10 سال تک کے سی آر خاندان نے تلنگانہ کے وسائل کو لوٹا اور ایک خاندان کی حکمرانی چلتی رہی۔ سنہرے تلنگانہ کے نام پر ایک خاندان کی ترقی ہوئی ۔ انہوں نے کے ٹی آر سے کہا کہ اگر تلنگانہ کیلئے کوئی قربانی ہو تو پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس قائد سونیا گاندھی کی 78 ویں سالگرہ 9 ڈسمبر کو ریاست بھر میں عظیم الشان پیمانہ پر منائی جائیں گی۔ تلنگانہ کا تصور سونیا گاندھی کے بغیر ممکن نہیں ہے۔ سونیا گاندھی نے تلنگانہ کی تشکیل کے وعدہ کی تکمیل کی ۔ انہوں نے کہا کہ 10 سال میں جو کام بی آر ایس حکومت نے نہیں کئے، کانگریس نے ایک سال میں کر دکھائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار سے محرومی کے باوجود کے ٹی آر کے غرور اور تکبر میں کوئی کمی نہیں آئی ۔ وہ اقتدار کیلئے دن میں کھلی آنکھوں سے خواب دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کیلئے کے ٹی آر اور کویتا کی کوئی قربانیاں نہیں ہیں اور انہیں ملک کیلئے قربانی دینے والے راجیو گاندھی پر تنقید کا کوئی حق نہیں ۔ بی آر ایس رکن اسمبلی کوشک ریڈی کی جانب سے چیف منسٹر کے خلاف بیانات کی مذمت کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ کوشک ریڈی کی زبان قابل اعتراض ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانون سب کیلئے یکساں ہے ۔ پولیس نے قانون کے مطابق کارروائی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں بی آر ایس میں کے سی آر اور کے ٹی آر کے سوا کوئی نہیں رہے گا ۔ مرکزی وزیر کشن ریڈی پر تنقید کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ وہ دراصل قسمت ریڈی ہیں اور بیک وقت پارٹی صدارت و مرکزی وزارت پر برقرار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کو غریبوں کے بارے میں اظہار خیال کا کوئی حق نہیں ہے کیونکہ نریندر مودی حکومت نے غریبوں سے کئے گئے وعدوں کو نظر انداز کردیا ہے۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ بی آر ایس قائدین کو تلنگانہ میں امن و ضبط کی صورتحال بگاڑنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ سابق چیف منسٹر کے سی آر کو فارم ہاؤز سے نکل کر عوامی مسائل پر اظہار خیال کرنا چاہئے ۔ حکومت کی جانب سے کے سی آر کو 9 ڈسمبر کی تقریب میں مدعو کیا جارہا ہے ۔ 1