کانگریس حکومت کا بجٹ منصوبوں سے عاری

   

عوام کے ارمانوں پر پانی پھیر گیا ، قائد اپوزیشن کے سی آر کا ردعمل
حیدرآباد ۔ 25 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : قائد اپوزیشن کے سی آر نے کانگریس حکومت کے پہلے مکمل بجٹ کو منصوبوں سے عاری قرار دیتے ہوئے کہا کہ کانگریس کے انتخابی منشور کے ذریعہ عوام کو بڑے بڑے خواب دکھائے بجٹ میں ان وعدوں کے لیے فنڈز مختص نہ کرتے ہوئے ان کے ارمانوں پر پانی پھیر دیا گیا ہے ۔ بجٹ مجموعی طور پر مایوس کن ہے ۔ سماج کے تمام طبقات کو دھوکہ دیا گیا ہے ۔ بی آر ایس پارٹی خاموش نہیں رہے گی ۔ بحیثیت قائد اپوزیشن کے سی آر پہلی مرتبہ اسمبلی کو پہونچے بجٹ کی پیشکشی کے بعد میڈیا پوائنٹ پر خطاب کرتے ہوئے کے سی آر نے کہا کہ بجٹ منصوبوں پر مشتمل ہوتا ہے ۔ حکومت کی آمدنی اور اخراجات اور دیگر امور کو مد نظر رکھ کر تیار کیا جاتا ہے ۔ لیکن کانگریس حکومت کی جانب سے جو بجٹ تیار کیا گیا ہے وہ منصوبوں سے عاری ہے ۔ ریاستی وزیر فینانس بھٹی وکرامارکا کی بجٹ تقریر سیاسی تقریر لگ رہی تھی ۔ یہ مخالف کسان بجٹ ہے ۔ بجٹ میں بھیڑ بکریوں کی تقسیم ، دلت بندھو ، رعیتو بھروسہ اور دیگر اسکیمات کو کوئی فنڈ مختص نہیں کیا گیا ۔ کسانوں کی فلاح و بہبود کی باتیں کرتے ہوئے ان کے پیٹھ میں خنجر گھونپا گیا ہے ۔ کے سی آر نے کہا کہ کانگریس حکومت کا ہنی مون پریڈ ختم ہوگیا ہے ۔ کانگریس حکومت کو وقت دینے کے لیے 6 ماہ تک وہ اسمبلی نہیں پہونچے ۔ کسانوں کے دو لاکھ روپئے قرض کی معافی کے نام پر ڈرامہ بازی کی جارہی ہے ۔ اس حکومت نے کوئی ایک پالیسی تیار نہیں کی ۔ خواتین کو نظر انداز کردیا گیا ۔ برقی بحران کا شکار ہے ۔ حکومت کے خلاف عوام میں ناراضگی پائی جاتی ہے ۔ عوامی مسائل پر بی آر ایس پارٹی جدوجہد کا آغاز کرے گی اور کانگریس حکومت کی نیندیں حرام کردے گی ۔ صنعتی پالیسی کا کوئی اعلان نہیں کیا گیا ۔ آئی ٹی پالیسی کے علاوہ دیگر منصوبوں کا کوئی اعلان نہیں کیا گیا ۔ عوامی مسائل کے خلاف بی آر ایس احتجاجی مہم کا آغاز کرے گی ۔۔ 2